رمضان نگہبان پیکج حکومت پنجاب کے عوام دوست ویژن کا عملی مظہرہے، جہاں آراء منظور وٹو

جمعہ 27 فروری 2026 13:14

پتوکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2026ء) وائس چیئرپرسن پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی جہاں آراء منظور وٹو نے پتوکی میں قائم تحصیل کیمپ سائٹ کا خصوصی دورہ کیاجہاں انہوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نگہبان کارڈ کے ذریعے نقد رقم کی تقسیم کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر، پتوکی، نشتر رحمان لودھی اورPSERسپروائزر محسن مقصودسمیت دیگر نے وائس چیئرپرسن کا استقبال کیا اور کیمپ سائٹ کے انتظامات، شفافیت کے نظام اور مستحقین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی بریفنگ میںاسسٹنٹ کمشنر، پتوکی، نشتر رحمان لودھی نے وائس چیئرپرسن کو بتایا کہ اب تک تقریباً 24,910 وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نگہبان کارڈ ضلعی انتظامیہ کو موصول ہو چکے ہیں، جن میں سے تقریباً 18,591وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نگہبان کارڈ بائیومیٹرک تصدیق کے بعد مستحق افراد میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران وائس چیئرپرسن نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نگہبان کارڈ کے مستحقین سے ملاقات بھی کی، ان کے مسائل سنے اور ادائیگی کے طریقہ کار کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے امدادی رقم کی باعزت، شفاف اور منظم فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ مالی معاونت مستحق افراد تک بروقت، سہل اور باوقار انداز میں پہنچے، تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرپرسن جہاں آراء منظور وٹو نے کہا کہ رمضان نگہبان پیکج حکومت پنجاب کے عوام دوست ویژن کا عملی مظہر ہے، جس کا مقصد معاشرے کے مستحق اور کمزور طبقات کو بروقت اور باوقار انداز میں مالی معاونت فراہم کرنا ہے مستحق افراد کی عزتِ نفس کا مکمل خیال رکھا جائے اور تقسیم کا عمل نہایت سہل، شفاف اور منظم انداز میں مکمل کیا جائے فیلڈ دوروں کا مقصد یہی ہے کہ انتظامات کا براہِ راست جائزہ لے کر اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ امداد بلا تعطل حقیقی حق داروں تک پہنچے۔