ملک بھر میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا الرٹ جاری

جمعرات 19 مارچ 2026 17:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2026ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں، تیز ہواؤں اور شمالی علاقوں میں برفباری کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سندھ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد، وادی نیلم، راولاکوٹ، باغ اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔گلگت بلتستان کے علاقوں گلگت، سکردو، ہنزہ، استور اور دیامیر میں بارش کے ساتھ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، جبکہ گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کے بڑے شہروں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور سرگودھا سمیت متعدد اضلاع میں بارش کی پیشگوئی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے پشاور، سوات، چترال اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔سندھ کے مختلف اضلاع جن میں کراچی، حیدرآباد اور تھرپارکر شامل ہیں، وہاں بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔

بلوچستان کے کوئٹہ، زیارت، خضدار اور گوادر سمیت کئی علاقوں میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق قومی شاہراہوں این-50، این-65 اور این-70 پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ادارے نے تمام صوبائی اور ضلعی حکام کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خصوصاً پہاڑی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور عوام کو بروقت آگاہی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ مستند معلومات اور حفاظتی ہدایات کے لیے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کے استعمال کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔