قائد اعظم اکادمی کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد

اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔ محفوظ النبی، سردار اقبال، رانا اشفاق و دیگر کا خطاب

پیر 23 مارچ 2026 18:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2026ء) 86ویں یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر قائد اعظم اکادمی قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن حکومت پاکستان کے زیر اہتمام اکادمی کے جناح ہال میں یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد ہوا جس کے پہلے مرحلے میں صدر تقریب پاکستان جسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین سردار محمد اقبال خان نے اکادمی کے احاطے میں پرچم کشائی کی پرچم کشائی میں قائد اعظم اکادمی کے قائم مقام لائبررین و تقریب کے کوآرڈینیٹر عبد الماجد فاروقی، فرزاندان پاکستان کے بانی رانا اشفاق رسول، محب قومی سماجی کونسل کے چیئرمین اسلم خان فاروقی، اسلامی جمہوری اتحاد کے صوبائی صدر علامہ مرتضی خان رحمانی، روٹری کلب کراچی انٹرا سٹی کے صدر سید نسیم شاہ ایڈوکیٹ، پیغام پاکستان کے سید عبد الباسط، عامر ضیا، ماسٹر زاہد حسین، سردار طارق یوسف، محمد یوسف، منیف اشعر ملیح آبادی، قمر الزماں صدیقی و دیگر موجود تھے پرچم کشائی کے بعد علامہ مرتضی رحمانی نے ملکی بقا، سلامتی، استحکام، خوشحالی و شہدائے پاکستان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اسی طرح تقریب کے دوسرے مرحلے میں استحکام پاکستان کے موضوع پر گفتگو ہوئی گفتگو سیشن کے مہمان خصوصی قائد ملت لیاقت علی خان میموریل کمیٹی کے سربراہ محفوظ النبی خان تھے اور اعزازی مہمان خاص میں رانا اشفاق رسول خان، سید نسیم شاہ ایڈوکیٹ، علامہ سید آصف مصطفائی تھے جبکہ صدارت سردار محمد اقبال خان نے کی اور نظامت کے فرائض پیغام پاکستان کے سید عبد الباسط نے انجام دئے تلاوت قرآن مجید سے علامہ مرتضی رحمانی نے تقریب کے گفتگو سیشن کا باقائدہ آغاز کیا جس کے بعد اسلم خان فاروقی نے ابتدائی کلمات ادا کئے اور کہا کہ یوم پاکستان عزم کا دن ہے ہمیں پاکستان کو مضبوط و مستحکم بنانے کا عزم کرنا ہوگا مقرین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسوقت اتحاد و یک جہتی کی جتنی ضرورت ہے اتنی شاید پہلے کبھی نہ تھی انہوں نے کہا کہ ہمیں اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لیے بھرپور میدان میں نکلنا ہوگا محفوظ النبی خان نے کہا کہ جب تک معاشرے میں مساوات کو فروغ نہیں دیا جائے گا اتحاد قائم نہیں ہوسکتا ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے سردار محمد اقبال نے کہا کہ اتحاد و یک جہتی کو فروغ دینا ہوگا اور وطن عزیز کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کے لیے قائد اعظم کے نصب العین پر عمل کرنا ہوگا رانا اشفاق رسول نے کہا کہ ہمیں مایوس نہیں ہونا چاہیے اور ترقی، امن و استحکام کے لیے جدوجہد جاری رکھنا چاہیے سید نسیم شاہ نے کہا کہ جن مقاصد کے لیے وطن عزیز بنا تھا ان مقاصد کو حاصل کرنے میں ہم زیادہ کامیاب نہیں ہوئے ہمیں قائد اعظم کے فرمان کے مطابق حسد اور ذاتی مفادات سے آگے بڑھنا ہوگا مقررین نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی کے بغیر مسائل کا حل ناممکن ہے ترقی و استحکام کے لیے عدل و انصاف کا اعلی نظام قائم کرنا ہوگا تقریب کے گفتگو سیشن میں منیف اشعر ملیح آبادی اور قمر الزماں صدیقی نے قومی دن کی مناسبت سے نظمیں پیش کی اسی طرح سے تقریب کے اختتام پر عبد الماجد فاروقی نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی۔