وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات، سی پیک 2 کو آگے بڑھانے کیلئے کام میں تیزی لانے پر اتفاق

وزیر اعظم نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے پر زور دیا اور پائیدار پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا؛ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 26 مارچ 2026 09:48

وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات، سی پیک 2 کو آگے بڑھانے کیلئے کام میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ2026ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے زراعت، صنعتی تعاون اور بنیادی ڈھانچے کے ترجیحی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سی پیک 2.0 کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چین کے ساتھ قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے، وزیر اعظم نے "ٹو سیشنز" کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد دی۔

بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کا یوم پاکستان کی پرتپاک مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا، چین کی مستحکم اقتصادی حمایت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے زراعت، صنعتی تعاون اور بنیادی ڈھانچے کے ترجیحی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سی پیک 2.0کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، چینی سفیر جیانگ نے پاکستان کی اقتصادی استقامت اور اصلاحات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے چین کے تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پر دونوں فریقین نے جاری ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ سطح کے رابطوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا، وزیراعظم نے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا، وزیر اعظم نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے پر زور دیا اور پائیدار پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔