وزیراعلی کی منظوری کے بعد چیف منسٹرز کارڈیک سرجری پروگرام کا باقاعدہ آغاز

پنجاب کے 9 سرکاری ،15 نجی کارڈیک اداروں میں اوپن ہارٹ سرجری سمیت دیگر دل کے امراض کا مفت علاج کیا جائیگا

اتوار 29 مارچ 2026 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2026ء) سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی منظوری کے بعد چیف منسٹر کارڈیک سرجری پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد صوبے بھر کے دل کے مریضوں کو مفت اور معیاری علاج فراہم کرنا ہے۔حکومتی اعلامیے کے مطابق اس پروگرام کے تحت پنجاب کے 9 سرکاری اور 15 نجی کارڈیک اداروں میں مریضوں کو اوپن ہارٹ سرجری سمیت دیگر دل کے امراض کا علاج مفت فراہم کیا جائے گا۔

یہ سہولت پنجاب کے تمام مستقل رہائشی مریضوں کے لیے دستیاب ہوگی۔پروگرام کے آغاز کے ساتھ ہی پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پہلے مریض کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری بھی مکمل کر لی گئی ہے جسے اس منصوبے کی اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے اس پروگرام کے لیے سالانہ 3 ارب روپے سے زائد فنڈز مختص کیے ہیں جبکہ وزیراعلی نے ہدایت کی ہے کہ اوپن ہارٹ سرجری کے مریضوں کی طویل ویٹنگ لسٹوں کو آئندہ 6 ماہ کے اندر ختم کیا جائے۔

مزید برآں، شہریوں کی رہنمائی کے لیے 0800-09009 پر ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے جبکہ مریض پیر سے ہفتہ صبح 8 بجے سے رات 11 بجے تک 99066000 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔وزیراعلی مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت دل کے ہزاروں مریضوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔