گزشتہ ایک دہائی سے زائد خیبرپختونخوا پر مسلط حکمران کرپشن میں مسلط، صحت، تعلیم کا بیڑا غرق کردیا گیا ہے، مولانا مفتی اسعد محمود

غریب عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے خریدی گئیں ادویات چوری ہورہی ،عوام کی قوت خرید ختم ہو چکی کیا یہ ریاست مدینہ کا تصور ہے ،عقیدہ تحفظ ختم نبوت ،آئین پاکستان میں موجود اسلامی دفعات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،رہنماء جے یو آئی (ف)

اتوار 29 مارچ 2026 21:30

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2026ء) نوشہرہ: جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما اور قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کے فرزند سابق وفاقی وزیر مولانا مفتی اسعد محمود نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے خیبرپختونخوا میں گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے خیبرپختونخوا پر ایسے حکمرانوں کو مسلط کیا گیا ہے کہ ان کی دور حکومت میں ملک کے پسماندہ صوبے میں کئی بڑے مالی سکینڈلز منظر عام پر آگئے ہیں جن میں کوہستان میں اربوں روپے کا مالی سکینڈل قابل ذکر ہے جبکہ صحت اور تعلیم کا بیڑا غرق کر دیا گیا ہے صوبے کا حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں اور اقراباپروی سے فارغ نہیں اور صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں غریب عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے خریدی گئیں ادویات چوری ہورہی ہے عوام کا قوت خرید ختم ہو چکی ہے کیا یہ ریاست مدینہ کا تصور ہے امریکہ کی خوشنودی کی خاطر قبائلی علاقوں کو خیبرپختونخوا جیسے پسماندہ صوبے میں ضم کر کے قبائلی عوام کے ساتھ مذاق کیا گیا ہے خیبرپختونخوا کے بندوبستی علاقوں میں ترقیاتی کام ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں تو قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز یا ہونا دور کنار پاکستان میں قرآن و سنت کے خلاف کوئی قانون سازی نہ عملا لاگو ہوسکتی ہے نہ کرنے دیں گے جمعیت علما اسلام پاکستان ،ائین پاکستان اور آئین پاکستان میں اسلامی دفعات کی محافظ سیاسی جماعت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں منعقدہ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقعہ پر جمعیت بزنس فورم خیبرپختونخوا کے صوبائی کنوینئر الحاج پرویز خٹک نے بھی خطاب کیا مفتی اسعد محمود نے مزید کہا کہ ہمارے حکمران امریکہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے اسمبلی میں ایسے ایسے قوانین میں ترمیم کے لئے پیش کی جارہی ہے کہ جو قرآن و سنت کے منافی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں حکومتی رٹ چیلنج کیا جانے لگا ہے قبائلی علاقوں سمیت خیبرپختونخوا کے وسطی اور جنوبی اضلاع نو گو ایریاز میں تبدیل ہوچکے ہیں یہاں تک کہ جنوبی اضلاع کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز ڈیوٹی دینے سے کترا رہے ہیں امن و امان کی ابتر صورتحال نے قوم کو بے چینی میں مبتلا کردیا ہے اور ایک سوچی سمجھے منصوبے کے تحت جمعیت علما اسلام کو دوران انتخابات دھاندلی کے ذریعے اقتدار کے ایوانوں میں جانے سے روکنے کی کوشش کی گئی لیکن پلانٹڈڈ دھاندلی کے ماہرین یہ بھول جاتے ہیں کہ جمعیت علما اسلام جنرل ایوب خان ،جنرل سکندر مرزا ،جنرل ضیا الحق اور جنرل پرویز مشرف جیسے ڈکٹیٹرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرکے عقیدہ تحفظ ختم نبوت اور آئین پاکستان میں موجود اسلامی دفعات پر کبھی بھی نہ خود سمجھوتہ کیا ہے اور نہ کسی کو سمجھوتہ کرنے دیا ہے۔