Live Updates

حکومت پنجاب کی جانب سے ننکانہ صاحب کے 318 اقلیتی مرد و خواتین میں دیوالی، ایسٹر اور ویساکھی کے چیکس تقسیم

صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ،ڈپٹی کمشنرمحمد تسلیم اختر را، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر و دیگر افسران نے چیکس تقسیم کیے

جمعرات 2 اپریل 2026 14:40

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2026ء) حکومت پنجاب کی جانب سے ننکانہ صاحب کے 318 اقلیتی مرد و خواتین میں دیوالی، ایسٹر اور ویساکھی کے چیکس تقسیم، صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ،ڈپٹی کمشنرمحمد تسلیم اختر را، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر و دیگر افسران نے چیکس تقسیم کیے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 21 ہندو، 198 مسیحی اور 99 سکھ افراد حکومتی امداد سے مستفید ہوئے۔

منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو برابر حقوق دیتا ہے، کسی بھی مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تفریق نہیں۔حکومت پنجاب اقلیتوں کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ مستحق اقلیتی خاندانوں میں مینارٹی کارڈ مکمل میرٹ پر تقسیم کیے گئے۔

مینارٹی کارڈ کی تقسیم میں سیاسی سفارش اور پسند ناپسند کا خاتمہ کر دیا گیا صرف پاورٹی اسکور پر پورا اترنے والے افراد کو ہی مالی معاونت دی جا رہی ہے۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ کرسمس، ویساکھی، دیوالی اور ایسٹر پر اقلیتی برادری کے لیے خصوصی گرانٹس جاری کی گئی ہیں ننکانہ صاحب کے 318 مستحق خاندانوں میں حالیہ گرانٹس شفاف طریقے سے تقسیم کی گئیں ہیں۔

صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ اقلیتوں کی خوشیوں میں شریک ہونا اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے کرسمس کی 14 روزہ سرکاری تقریبات اور تاریخی ریلی سے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملا اقلیتوں کے احساس محرومی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب نے کہا کہ محکمہ اقلیتی امور کو فعال اور بااختیار بنا کر اس کی کارکردگی بہتر کی گئی۔

وزیراعلی مریم نواز نے محکمہ اقلیتی امور کا بجٹ 50 کروڑ سے بڑھا کر 10 ارب روپے کر دیا۔وزیراعلی پنجاب نے مکمل اختیارات دیکر اقلیتی امور کے شعبے کو مضبوط کیا۔کے پی کے میں حکمرانی پر سوالات خود تحریک انصاف کے اندر سے اٹھ رہے ہیں تحریک انصاف کی قیادت پر تنقید ان کے اپنے ارکان اسمبلی کر رہے ہیں، نااہل قیادت کے باعث کے پی کے میں عوام مسائل اور بدامنی کا شکار ہیں، کے پی کے میں بڑھتی بیروزگاری اور دہشتگردی صورتحال کو تشویشناک بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پندرہ سالہ طویل اقتدار کے باوجود صوبے میں نمایاں بہتری نہیں لا سکی۔کے پی کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات کے لیے مشکلات کا شکار ہیں، کے پی کے بھی پاکستان کا حصہ ہے، وہاں کے عوام کی مشکلات پر ہمیں افسوس ہے۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا کہ کے پی کے کی عوام کو اب خود فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس قیادت کو آگے لانا چاہتے ہیں۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات