وائلڈ لائف رینجرز نے جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار،قبضہ اور سور کتے کی لڑائی کی پاداش میں 12ملزمان گرفتار کر لیے

جمعہ 10 اپریل 2026 19:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2026ء) سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ طاہر ظفرعباسی کی ہدایت پر محکمہ چیف وائلڈ لائف رینجر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی زیرِ قیادت میں صوبہ بھر میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار،کاروبار و قبضہ نیز جنگلی جانوروں پر ہونے والے ظلم کی روک تھام کیلئے موثر کارروائیاں کر رہا ہے اور انہی کارروائیوں کے نتیجے میں وائلڈ لائف رینجرز نے صوبہ کے مختلف مقامات سے طوطوں،تیتر،بٹیر و دیگر جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار،قبضہ اور سور کتے کی لڑائی کی پاداش میں 12ملزمان گرفتار کر لیے،ملزمان سے 14طوطے،2کالے تیتر اور شکار کیے گئے 2پرندے برآمدکر کے8ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جبکہ 4کو ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔

(جاری ہے)

تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر بہاولنگر آکاش ناتھن مسیح نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل منچن آباداور بہاولنگر کے مضافات سے جنگلی طوطوں اورکالے تیترکی غیر قانونی نیٹنگ میں مشغول 7شکاریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 14جنگلی طوطے، 2کالے تیتر اور متعدد نیٹنگ گئیرز برآمد کر لیے اور ان کے خلاف دو مختلف تھانوں میں ایف آئی آرز درج کروا دیں،اسی طرح کی چند کامیاب کارروائیوں کے دوران اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر اٹک رضوانہ عزیز نے بٹیر کی غیر قانونی نیٹنگ میں ملوث 3شکاریوں کو گرفتار کر کے 90ہزار روپے جرمانہ کیا،ایسی ہی ایک اور کامیاب کارروائی کے دوران اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع بہاولپور طارق عباس کھوسہ نے جنگلی پرندوں کا غیر قانونی شکار کرنے پر1ملزم کو موقع پر گرفتار کر کے اس سے دو شکار کیے گئے جنگلی پرندے،ائیر گن اور چھڑی ضبط کر لی اور کیس کمپاونڈ کرنے کی درخواست پر اسے مبلغ 60ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا اور کیس نمٹا دیا ۔

مزید برآں ایک اور کارروائی کے دوران ضلع مظفر گڑھ میں جنگلی جانوروں پر ظلم کی کوشش)سور کتے کی لڑائی (کرنے کی پاداش میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر عبدالرحمن نے 1ملزم کو گرفتار کر کے کتا تحویل میں لے لیا اور ملزم کے خلاف مقامی تھانہ میں ایف آر درج کروا کر قانونی چارہ جوئی شروع کردی۔