Live Updates

یہ شہر کسی سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ کراچی میں بسنے والی عوام کا ہے،شاہد فراز

سٹی کونسل ہا ل میں بلدیاتی نمائندوں کا جوتے،ڈنڈے اور گالی گلوچ صرف ڈرامہ ہے، ہر یوسی کو سالانہ 1.44فنڈ ملتا ہے،مگر شہر مکمل طور پر تباہ حالی کا شکار ہے،سیکرٹری جنرل مہاجرقومی موومنٹ

ہفتہ 11 اپریل 2026 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2026ء) مہا جر قومی موومنٹ (پاکستان)کے چیئرمین آفاق احمد کی رئشگاہ پر آئے ہوے شہریوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل شاہد فراز نے کہاکہ کراچی کے عوام آج جس کرب سے گزر رہے ہیں، وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں،یہ شہر جو پاکستان کی معیشت کو چلاتا ہے، آج خود بنیادی سہولیات سے محروم ہے،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سیوریج کا نظام مکمل تباہ،کچرے کے ڈھیر ہر گلی میں موجود ہیں،اور پانی جیسی بنیادی ضرورت بھی عوام کو میسر نہیں۔

سوال یہ ہے،جب ہر ٹاون میں ہرمہینے کروڑوں روپے آ رہے ہیں، تو کراچی کھنڈر کیوں بن گیا ہے،پیپلز پارٹی،جماعت اسلامی،پی ٹی آئی تینوں جماعتیں مختلف سطحوں پر اقتدار میں ہیں۔مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ لوگ عوام کے سامنے ایک دوسرے سے لڑتے ہیں،میئر آفس کے باہر جھگڑے ہوتے ہیں،جوتے اور گالیاں چلتی ہیں لیکن اندر کیا ہو رہا ہے اندر یہ سب ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کراختیارات، فنڈز اور مفادات کی تقسیم کر رہے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کراچی کا شہری پانی خریدنے پر مجبور ہے گندے پانی میں زندگی گزار رہا ہے،کچرے کے درمیان سانس لے رہا ہے اور دوسری طرف ہر ماہ کروڑوں روپے کے فنڈز خرچ ہونے کا دعوی کیا جاتا ہے،یہ لڑائی نہیں یہ ایک اسکرپٹ لکھا ڈرامہ ہے،صرف کراچی کے عوام کو بیوقوف بنانے کے لیے کراچی کے عوام کو دکھایا جاتا ہے کہ یہ ایک دوسرے کے دشمن ہیں،مگر حقیقت میں یہ سب ایک ہی نظام کا حصہ ہیں ایسا نظام جو عوام کو کچھ نہیں دیتا، صرف لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم واضح مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی کی تمام یونین کمیٹیز اور ٹان لیول فنڈز کی مکمل پبلک آڈٹ رپورٹ جاری کی جائے ہر علاقے میں خرچ ہونے والے بجٹ کی تفصیل عوام کے سامنے رکھی جائے ایک شفاف اور خودمختارمانیٹرنگ سسٹم قائم کیا جائے۔یہ شہر کسی سیاسی جماعت کا نہیں،یہ کراچی کے عوام کا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں،اگر عوام کے حقوق نہ دیے گئے،اگر اس نظام کو ٹھیک نہ کیا گیا،کراچی کے عوام اب خاموش نہیں رہیں گے۔ہم حساب لیں گے، اور لے کر رہیں گے۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات