بٹگرام میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا

پیر 13 اپریل 2026 11:46

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2026ء) بٹگرام میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد نے تمام مانیٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ روزانہ صبح 7 بجے فکسڈ سنٹرز پر اپنی حاضری یقینی بنائیں اور پولیو ٹیموں کو فیلڈ میں کام کے طریقہ کار سے مکمل آگاہ کریں، جس میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا، فنگر مارکنگ، دروازوں کی مارکنگ اور دیگر ضروری اقدامات شامل ہیں۔

مہم کے باضابطہ آغاز کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضیاء الرحمن اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سید احمد جمال شاہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹگرام میں، اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام محمد سلیم نے شملائی میں، اسسٹنٹ کمشنر آلائی نے ٹائپ ڈی ہسپتال بنہ میں، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شیردل خان نے تھاکوٹ میں جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اختر رسول نے کوزہ بانڈہ میں بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کو فراہم کردہ سکیورٹی کی نگرانی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام قمر حیات خان خود کر رہے ہیں تاکہ مہم کو پُرامن اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 13 تا 17 اپریل جاری رہنے والی اس پانچ روزہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ صحت کے عملے سے بھرپور تعاون کریں اور پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں۔ ڈی بی سی آر پولیو کنٹرول روم میں خالد تنولی اور لائن آفیسر گل ذاکر شاہ موجود ہیں۔ سکیورٹی یا پولیو مہم سے متعلق کسی بھی مسئلے کی صورت میں کنٹرول روم 03339555158 پر فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :