وزیر صحت پنجاب کا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کادورہ،پیش رفت کا جائزہ لیا

بدھ 13 مئی 2026 18:32

وزیر صحت  پنجاب کا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2026ء) وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق، چیئرمین بورڈ و سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید اور ہیلتھ اکانومسٹ ڈاکٹر محمد عدنان خان نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کا دورہ کیا اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ محمد وسیم سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

اس موقع پر وزیر صحت پنجاب نے افسران سے پیش رفت بارے بریفنگ لی۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ حکومت پنجاب لاہور میں تقریبا75 ارب روپے کی لاگت سے915 بستروں پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی مریم نواز کینسر انسٹی ٹیوٹ پر جاری پیش رفت کو مسلسل خود مانیٹر کر رہی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر پاکستان کا پہلا مکمل سرکاری کینسر ہسپتال ہوگا،اس ہسپتال میں کینسر کے لیول تھری اور لیول فور مریضوں کا بھی علاج ہوگا۔

صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ کینسر انسٹی ٹیوٹ میں پیڈڑ انکالوجی، آپریشن تھیٹرز،10 ریڈی ایشن تھراپی بنکر، آئی سی یو اور30 بیڈز کا ایمرجنسی وارڈ بنے گا، ویٹنگ ہال اور24 بیڈز کے ساتھ تیمار داروں کی قیام گاہ بھی بنے گی، مرکزی عمارت میں بون میرو سینٹر، کینسر کیئر کلینک، ڈاکٹرز کے لئے رہائش گاہیں اور مسجد پہلے مرحلے میں تعمیر ہو گی، دوسرے مرحلے میں300 بستروں پر مشتمل نئی بلڈنگ اور پارکنگ پلازہ بھی بنے گا، پہلے سرکاری کینسر ہسپتال میں ریڈی ایشین تھراپی، کیمو تھراپی، اینڈوسکوپی و دیگر سہولتیں میسر ہوں گی۔

چیئرمین بورڈ کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید نے کہاکہ کینسر ہسپتال کے پہلے فیز کو جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پر جاری پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ہیلتھ اکانومسٹ ڈاکٹر محمد عدنان خان نے کہاکہ آئی ڈیپ کو نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پراجیکٹ کو مقررہ وقت پر فنکشنل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد کینسر ہسپتال میں کینسر کے ہزاروں مریضوں کو بین الاقوامی سطح کی طبی سہولیات میسر آئیں گی۔