گیس بحران شدت اختیار کر گیا

سسٹم میں گیس کی قلت کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ کر 20گھنٹے تک جا پہنچا

منگل 14 اپریل 2026 21:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اپریل2026ء) لاہور شہر میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تاحال قابو نہ پایا جا سکا، جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق سسٹم میں گیس کی قلت کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ کر 20گھنٹے تک جا پہنچا ہے، جس سے گھریلو صارفین خصوصاً کھانا پکانے میں مشکلات کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

سوئی ناردرن گیس کمپنی کے مطابق صارفین کو صرف مخصوص اوقات میں گیس فراہم کی جا رہی ہے، جس میں صبح ناشتہ اور شام کھانے کے اوقات شامل ہیں جبکہ دن کے دیگر اوقات میں گیس کی فراہمی معطل رہتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مشرق وسطی کی موجودہ صورتحال کے باعث گیس سپلائی متاثر ہوئی ہے جبکہ ایل این جی کی درآمد میں رکاوٹ کے سبب بھی سسٹم پر دبا بڑھ گیا ہے۔گیس پریشر میں کمی کے باعث کئی علاقوں میں صارفین کو گیس دستیاب نہیں ہو رہی، جس سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور لوڈشیڈنگ کے مسئلے کا فوری حل نکالا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔