چیئرمین ہائرایجوکیشن کمیشن پاکستان کا آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا دورہ

منگل 14 اپریل 2026 23:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2026ء) اعلی تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی)پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے پیر کے روز جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)کا دورہ کیا۔اس موقع پر آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ، سابق چیئرمین ا علی تعلیمی کمیشن و سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن سمیت دیگر اعلی حکام نے ڈ اکٹر نیاز احمد اختر کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین ایچ ای سی نے پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن اور پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ سے ملاقات کے دوران ادارے میں طلبہ کو فراہم کی جانے والی جدید تحقیقی سہولیات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا آئی سی سی بی ایس کا پہلا دورہ ہے اور وہ اس عالمی شہرت یافتہ مرکزِ تحقیق کو دیکھنے کے خواہش مند تھے۔ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اعلی تعلیمی اداروں میں تحقیق کے فروغ اور جدید سہولیات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ درایں اثنا ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کامسٹیک کے کارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمداقبال چوہدری سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔