ّخضدار پولیس کی جراتمندانہ حکمتِ عملی رنگ لے آئی، مغوی ہندو تاجر قلات سے بحفاظت بازیاب

منگل 28 اپریل 2026 21:40

خضدار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2026ء) خضدار پولیس کی جراتمندانہ حکمتِ عملی رنگ لے آئی، مغوی ہندو تاجر قلات سے بحفاظت بازیاب،عوام کی جانب سے ایس ایچ او منیر عالم جتک کو شاندار خراجِ تحسین۔ خضدار پولیس نے ایک نہایت سنجیدہ اور پیچیدہ اغواء کیس میں پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور مسلسل محنت کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 26 دن میں مغوی ہندو تاجر سروند کمار کو اغواء کاروں سے بحفاظت بازیاب کرا لیا، جس پر عوامی حلقوں کی جانب سے پولیس کی کارکردگی کو بھرپور سراہا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یکم اپریل 2026 کو کھنڈ کے علاقے سے ہندو تاجر سروند کمار ولد روپ چند کو نامعلوم مسلح افراد نے ایک سرف گاڑی میں اغواء کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔ بعد ازاں ملزمان کی جانب سے واٹس ایپ کال کے ذریعے مغوی کے اہل خانہ سے ڈیڑھ کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا، واقعہ کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی آئی جی قلات رینج وزیر خان ناصر نے فوری طور پر سخت نوٹس لیا اور ایس ایس پی خضدار عمر عباس بابر، اے ایس پی عبدالقدوس دہوار کو ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی محمد عالم لہڑی کی نگرانی میں ایس ایچ او سٹی منیر عالم جتک، ایس ایچ او صدر محمد یوسف چانڈیو، سی آئی اے انچارج نور احمد زہری، ڈی آئی بی انچارج مقبول احمد زہری اور دیگر افسران و اہلکاروں پر مشتمل ٹیموں نے مغوی کی بازیابی کے لیے بھرپور حکمت عملی ترتیب دی۔ پولیس نے دن رات کی انتھک کوششوں، خفیہ معلومات اور مربوط کارروائیوں کے ذریعے بالآخر ملزمان کا سراغ لگا لیا اور ایک کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران مغوی کو قلات سے بحفاظت بازیاب کرا لیا۔

اس کارروائی میں تین اغواء کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں وحید احمد ولد عبدالرحیم قوم شیخ سکنہ قلات، ناصر احمد ولد عبدالمجید سکنہ قلات اور ناصر احمد ولد علی محمد قوم زہری، سکنہ خضدار شامل ہیں۔مغوی کی بحفاظت بازیابی پر سروند کمار کے اہل خانہ اور ہندو برادری کے افراد سٹی تھانہ خضدار پہنچے، جہاں انہوں نے ایس ایچ او سٹی منیر عالم جتک کو روایتی اجرک ہار پہنایا ان پر پھول نچھاور کر کے پولیس کی اس قابل ستائش کارکردگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

شہریوں نے بھی خضدار پولیس، خصوصا ایس ایچ او سٹی منیر عالم جتک اور ان کی ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فرض شناسی اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب کارروائی سے نہ صرف ایک قیمتی جان محفوظ ہوئی بلکہ عوام کے اعتماد میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خضدار پولیس مستقبل میں بھی اسی عزم اور جذبے کے ساتھ امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہے گی