Live Updates

مہنگائی میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے،سعید احمدبیگ

بدھ 29 اپریل 2026 17:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2026ء) پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید احمد بیگ نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور متوقع بجٹ کی صورتحال نے عام آدمی کو شدید تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت بنتا جا رہا ہے، جس کے باعث متوسط اور غریب طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے بجٹ سے عوام کو ریلیف کی امیدیں وابستہ ہیں، تاہم خدشہ ہے کہ اگر ٹیکسوں کا بوجھ مزید بڑھایا گیا تو یہ صورتحال مزید گھمبیر ہو سکتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام دوست پالیسیاں متعارف کرائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ لوگوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

سعید احمد بیگ نے کہا کہ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ براہ راست مہنگائی کو بڑھا رہا ہے، جس سے روزمرہ کی اشیاء مزید مہنگی ہو رہی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بنیادی ضروریات کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے خصوصی پیکجز، سبسڈی اور سماجی تحفظ کے پروگرامز کو مزید مؤثر بنائے تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر متوقع بجٹ میں عوامی ریلیف کے اقدامات شامل نہ کیے گئے تو مہنگائی کا یہ طوفان نہ صرف عوامی مشکلات میں اضافہ کرے گا بلکہ معاشی عدم استحکام کو بھی جنم دے سکتا ہے، اس لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات