ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری ،ڈریپ کی پہلی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے ڈبلیو ایچ او کی پری کوالیفکیشن حاصل کر لی

جمعرات 30 اپریل 2026 16:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2026ء) سپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی فعال اور مربوط سہولت کاری کے نتیجے میں پاکستان نے صحت کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ ایس آئی ایف سی نے نہ صرف ملکی سطح پر اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنایا بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے اس اہم پیش رفت کو ممکن بنایا۔

ایس آئی ایف سی کی مسلسل کاوشوں سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی پہلی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی پری کوالیفکیشن حاصل کر لی ہے، جو کہ پاکستان کے ریگولیٹری نظام پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔یہ جدید ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کراچی میں قائم کی جائے گی اور ڈریپ کے زیر انتظام کام کرے گی۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے دوران درپیش متعدد ملکی اور بین الاقوامی رکاوٹوں کو ایس آئی ایف سی کی مؤثر حکمت عملی اور سہولت کاری کے ذریعے کامیابی سے دور کیا گیا۔

اس ایکریڈیشن کے حصول سے پاکستانی ادویات کے معیار اور ریگولیٹری فریم ورک کی عالمی سطح پر ساکھ میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں ادویات کی برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔ مزید برآں، اس پیش رفت سے ملک کی ادویات سازی کی صنعت میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ ملے گا۔یہ اقدام پاکستان کا غیر ملکی لیبارٹریوں پر انحصار کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا اور مقامی سطح پر معیاری ٹیسٹنگ کی سہولیات کو یقینی بنائے گا۔یہ اہم کامیابی پاکستان میں ریگولیٹری جدیدیت اور ادارہ جاتی بہتری کی جانب مسلسل پیش رفت کی عکاس ہے، جس کے فروغ میں ایس آئی ایف سی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔