پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے مضبوط کارپوریشنز اور فعال کیپٹل مارکیٹیں ناگزیر ہیں،چیئرمین ایس ای سی پی

منگل 16 جون 2026 14:29

پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے مضبوط کارپوریشنز اور فعال کیپٹل مارکیٹیں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2026ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کے اعزاز میں گونگ بجانے کی تقریب منعقد کی گئی، ڈاکٹر کبیر نے گونگ بجا کر ٹریڈنگ کا آغاز کیا۔ایس ای سی پی کے چیئرمین نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے مضبوط کارپوریشنز اور فعال کیپٹل مارکیٹیں ناگزیر ہیں، کیوں کہ کارپوریشنز روزگار، سرمایہ کاری اور خوش حالی کے مواقع پیدا کرتی ہیں، اس لیے سرمایہ کاروں کی تعداد 25 لاکھ تک بڑھانا ایس ای سی پی کی اہم ترجیح ہے۔

ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا کہ نوجوانوں کو سرمایہ کاری اور دولت کی تخلیق کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے، اس لیے نوجوان سرمایہ کاروں کے لیے آسان اور ڈیجیٹل سرمایہ کاری ذرائع متعارف کرائے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں مالیاتی خواندگی کے فروغ کے لیے مختصر آن لائن کورسز بھی شروع کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا سرمایہ کاروں کی آن بورڈنگ اور اکانٹ کھلوانے کے عمل کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے، سی ڈی سی موبائل ایپ (CDC Access Mobile Application) سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کا عمل مزید آسان بنائے گی۔

ڈاکٹر کبیر کے مطابق سہولت اکائونٹس کے لیے KYC تقاضوں کو مزید سہل بنایا گیا ہے، جب کہ بروکر ریفرل پروگرام سے ریٹیل سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔ چیئرمین کے مطابق کیپیٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کو مارکیٹ کے فروغ اور سرمایہ کاروں کی تعلیم کے لیے استعمال کیا جائے گا۔