پاکستان سٹاک مارکیٹ تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

منگل 16 جون 2026 14:24

پاکستان سٹاک مارکیٹ تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2026ء) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز شاندار تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس پہلی مرتبہ ایک لاکھ 80 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔ابتدائی کاروبار کے دوران مارکیٹ میں 3,400 سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس 180,499 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔

(جاری ہے)

سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد، معاشی اشاریوں میں بہتری اور مارکیٹ میں مثبت رجحان کے باعث حصص کی خریداری میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز بھی سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، جب کے ایس ای-100 انڈیکس 4,639 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 177,039 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔مارکیٹ ماہرین کے مطابق معاشی استحکام، سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور کاروباری سرگرمیوں میں بہتری کے باعث پاکستان سٹاک ایکسچینج مسلسل نئی سطح پر پہنچ گیا ہے، جبکہ 180 ہزار پوائنٹس کی سطح کا عبور ہونا ملکی سرمایہ مارکیٹ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔