ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے صنعتی بحالی اور سرمایہ کاری میں نمایاں پیش رفت

منگل 16 جون 2026 18:24

ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے صنعتی بحالی اور سرمایہ کاری میں نمایاں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2026ء) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی) کی موثر سہولت کاری کے نتیجے میں گزشتہ تین برسوں کے دوران پاکستان کے صنعتی اور پیداواری شعبے میں نمایاں پیش رفت ریکارڈ کی گئی ہے۔سرکاری اقدامات کے تحت صنعتی شعبے کو درپیش رکاوٹوں کے خاتمے اور غیر فعال صنعتی یونٹس کی بحالی کے لیے نیشنل انڈسٹریل ریوائیول کمیشن کے ذریعے اہم پیش رفت کی گئی، جس سے متعدد بند یونٹس دوبارہ پیداوار کے عمل میں شامل ہوئے۔

کاروبار میں آسانی اور صنعتی ترقی کے لیے ٹیرف اصلاحات، جبکہ خام مال اور صنعتی مشینری تک بہتر رسائی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔گوادر نارتھ فری زون میں پوٹاشیم سلفیٹ کھاد کا پہلا یونٹ فعال کر دیا گیا ہے، جس نے برآمدات کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایس آئی ایف سی کی معاونت سے سعودی سرمایہ کاری پر مبنی نیشنل اسٹیل کمپلیکس کی بحالی ممکن ہوئی، جو طویل عرصے سے تعطل کا شکار تھا۔

مزید برآں، ادارے نے ضابطہ جاتی رکاوٹیں دور کرتے ہوئے 7 نئے سیمنٹ پلانٹس کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا۔خوشاب کے سیفائر سوڈا ایش منصوبے کے لیے پانی کی فراہمی کی بڑی رکاوٹ بھی دور کر دی گئی ہے، جبکہ ویئر ہاسنگ اور لاجسٹکس کے شعبے کو باضابطہ طور پر صنعت کا درجہ دے دیا گیا ہے۔مجموعی طور پر ایس آئی ایف سی کی موثر سہولت کاری کے باعث ملک میں صنعتی سرگرمیوں، مقامی پیداوار اور سرمایہ کاری کے رجحان میں مثبت بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔