چینی کنسورشیم کا پاکستان کے کیپیٹل مارکیٹ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان

منگل 16 جون 2026 15:19

چینی کنسورشیم کا پاکستان کے کیپیٹل مارکیٹ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2026ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے چینی اسٹریٹجک شیئر ہولڈرز نے پاکستان کے کیپیٹل مارکیٹ انفراسٹرکچر میں اپنی سرمایہ کاری اور شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے جس کے لیے انہیں پاکستان کے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (SECP) سے ضروری ریگولیٹری منظوری مل چکی ہے۔

گوادر پرو کے مطابق یہ منصوبہ ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد صدیق اور چینی کنسورشیم کے ایک وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پیش کیا گیا۔ وفد میں چائنا فنانشل فیوچرز ایکسچینج (CFFEX)، شنگھائی اسٹاک ایکسچینج اور شین ڑین اسٹاک ایکسچینج کے نمائندے شامل تھے۔حکام کے مطابق ان منظوریوں کے بعد کنسورشیم سنٹرل ڈپازٹری کمپنی (CDC)اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (NCCPL)میں اپنی شیئر ہولڈنگ بڑھا سکے گا۔

(جاری ہے)

یہ دونوں ادارے پاکستان کے پوسٹ ٹریڈ مارکیٹ انفراسٹرکچر میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ملاقات میں نئی مالیاتی مصنوعات کے حوالے سے تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں مجوزہ سرحد پار ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ETFs)شامل ہیں۔ ان فنڈز کے ذریعے پاکستان اور چین کے سرمایہ کار ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ حکام نے بتایا کہ اس منصوبے پر کام کرنے کے لیے دونوں ممالک کی اسٹاک ایکسچینجز کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ ٹاسک فورس بھی تشکیل دی جا چکی ہے۔

مذاکرات میں ٹریڈنگ اور سیٹلمنٹ ٹیکنالوجی، مارکیٹ نگرانی، لیکویڈیٹی میں بہتری، سرمایہ کاروں میں آگاہی اور استعداد کار بڑھانے جیسے امور بھی زیرِ بحث آئے۔گوادر پرو کے مطابق چینی کنسورشیم نی17-2016 میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 40 فیصد اسٹریٹجک حصص حاصل کیے تھے۔ اس کنسورشیم میں چائنا فنانشل فیوچرز ایکسچینج (CFFEX)، شنگھائی اسٹاک ایکسچینج، شین ڑین اسٹاک ایکسچینج، پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی اور حبیب بینک لمیٹڈ شامل ہیں۔