شوشا میں ای سی او اجلاس، علاقائی سیاحت، روابط اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

جمعرات 30 اپریل 2026 23:12

ٖشوشا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2026ء) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سرداردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور اس شعبے میں روزگار کے مواقع کو 80 لاکھ تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ای سی اواجلاس شوشا 2026 میں رکن ممالک نے علاقائی سیاحت، روابط اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کرتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے کی، جنہوں نے خطے میں سیاحت کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر زور دیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور اس شعبے میں روزگار کے مواقع کو 80 لاکھ تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے رکن ممالک کے درمیان سفر کو آسان بنانے کے لیے شینگن طرز کی مشترکہ ویزا پالیسی کی تجویز بھی پیش کی، جسے شرکائ نے مثبت پیش رفت قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے لیے انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس سے غیر ملکی سیاحوں کی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس موقع پر پاکستان کی ثقافتی سفارتکاری، روایتی کھانوں اور سیاحتی مقامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔

اجلاس کے موقع پر سردار یاسر الیاس خان نے ترکیہ، قازقستان اور ازبکستان کے حکام سے اہم ملاقاتیں بھی کیں، جن میں دوطرفہ سیاحتی تعاون، مشترکہ پروگرامز اور تعلیمی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق پاکستان 2027 میں لاہور اور اسلام آباد میں ای سی او سے متعلق اہم تقریبات کی میزبانی کرے گا، جو خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی ہے۔ماہرین کے مطابق ای سی او پلیٹ فارم کے ذریعے سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے سے نہ صرف علاقائی روابط مستحکم ہوں گے بلکہ رکن ممالک کی معیشتوں کو بھی خاطر خواہ فائدہ پہنچے گا۔