ایف پی سی سی آئی اور آئی سی سی ڈی کا ایگری فوڈ کانفرنس منعقد کروانے کا اعلان

جمعرات 30 اپریل 2026 22:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2026ء) صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے اعلان کیا ہے کہ اسلامک چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ (آئی سی سی ڈی) کے اشتراک سے ایگری فوڈ: گلوبل انویسٹمنٹ اینڈ پارٹنرشپ کانفرنس اینڈ ایکسپوکا انعقاد کرے گی۔ ایونٹ 14 مئی 2026 کو کراچی میں آئی سی سی ڈی ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوگا۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ یہ اقدام سرمایہ کاری کے فروغ، بین الاقوامی شراکت داری میں بہتری اور پاکستان کی زراعت اور زرعی صنعتوں کی بے پناہ صلاحیت کو اجاگر کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایف پی سی سی آئی اور آئی سی سی ڈی کے مابین اس اہم اشتراک کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ایگری فوڈ سیکٹر میں مقامی و بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان موثر روابط کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

عاطف اکرام شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ایونٹ تجارتی روابط کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور پاکستان کے زرعی شعبے کہ جو قومی معیشت کا ایک اہم ستون ہے کی صلاحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

انہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے فیڈریشن کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ FPCCI، ICCD کے ساتھ اپنے مضبوط اشتراک کار کو جاری رکھے گی۔ اس موقع پر ملک بھر کے زرعی چیمبرز کے نمائندگان، مختلف شعبہ جات کے رہنما جن میں زرعی ادویات، کھاد (یوریا)، بیج، متعلقہ صنعتیں اور تعلیمی ادارے شامل ہیں، بھرپور شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ اہم چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان کی شرکت بھی متوقع ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی و علاقائی صورتحال کے پیش نظر بین الاقوامی مندوبین اور سفارتی برادری کے اراکین سمیت اعلی سطح کی وسیع شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔