وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت اجلاس، ترقیاتی اہداف کے حوالے سے بریفنگ

جمعرات 30 اپریل 2026 19:48

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2026ء) وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت ترقیاتی جائزہ اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزراء کرام، چیف سیکرٹری آزادکشمیر، سیکرٹریز حکومت اور سربراہان محکمہ جات نے شرکت کی۔ سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات عامر لطیف اعوان نے ترقیاتی پروگرام کے اہداف اور اب تک کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک وفاقی حکومت کی جانب سے 35 ارب روپے کے فنڈز جاری ہو چکے ہیں جن کے لیے محکمہ جات کو تقریبا 28 ارب روپے جاری کر دئیے ہیں گئے۔ وزیراعظم پاکستان کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت ان میں سے 3 ارب روپے واپس جمع کروانے یا اگلی ریلیز میں ایڈجسٹ کرنے کی ہدایات ہیں۔ جاری شدہ فنڈز کے خلاف اب تک 66 فیصد اخراجات عمل میں لائے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مالی سال کے اختتام کو بہت کم وقت رہ گیا ہے اس لیے تمام محکمہ جات قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ترقیاتی فنڈز کے بروقت تصرف کو یقینی بنائیں۔ جو محکمہ جات بروقت اخراجات کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں وہ ایک ہفتے کے اندر اندر فورم کو آگاہ کریں تاکہ ان کے لیے مختص شدہ فنڈز ان محکمہ جات کو منتقل کر سکیں جن کی فزیکل پراگرس مکمل ہے اور وہ تحت ضابطہ اخراجات کرنے کے قابل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے سیکرٹریز ایک ہفتے کے اندر اندر اپنی پلاننگ مکمل کریں ایک ہفتے بعد دوبارہ جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی کے فنڈز کے تصرف کے حوالے سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات الگ بریفنگ تیار کریں تاکہ ان جا جائزہ لے کر لوکل گورنمنٹ کے فنڈز کا بروقت اور شفاف انداز میں تصرف یقینی بنایا جا سکے۔