سوشل میڈیا پر10روپے کے بسکٹ کے یادگار ڈائیلاگ سے مشہور شاداب زکاتی کیخلاف مقدمہ درج

شاداب زکاتی نے اپنے جیولری شو روم کے افتتاح کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا ،مبینہ طور پر مقامی انتظامیہ یا پولیس سے پیشگی اجازت نہیں لی

ہفتہ 2 مئی 2026 10:45

میرٹھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2026ء) بھارت میں سوشل میڈیا پر10روپے کے بسکٹ کے یادگار ڈائیلاگ سے مشہور ہونے والے شاداب زکاتی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ان پر بغیر اجازت روڈ شو کرنے اور سڑک پر ہجوم جمع کرکے ٹریفک جام پیدا کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر اپنے مشہور جملے 10روپے کا بسکٹ کتنے کا ہی سے شہرت حاصل کرنے والے شاداب زکاتی نے گزشتہ روز اپنے جیولری شو روم زکاتی جیولرز کے افتتاح کے موقع پر ایک بڑی تقریب کا اہتمام کیا اس سلسلے میں مبینہ طور پر مقامی انتظامیہ یا پولیس سے پیشگی اجازت نہیں لی گئی تھی۔

متعلقہ حکام نے کہاکہ تقریب کے باعث ہاپوڑ روڈ پر واقع ورلڈ اسکوائر بلڈنگ کے قریب شدید ٹریفک جام ہوگیا جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور سڑک کو کلیئر کرا کے ٹریفک بحال کیا۔

(جاری ہے)

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ تقریب کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں کو جمع کیا گیا، جس سے عوامی راستہ مکمل طور پر بند ہوگیا۔

پولیس کے مطابق یہ عمل قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔مزید برآں، عینی شاہدین کے مطابق ہجوم کو قابو میں رکھنے کیلئے زکاتی کے نجی سیکیورٹی گارڈز نے ڈنڈوں کا استعمال بھی کیا، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔پولیس نے بتایا کہ عوامی شکایت کی بنیاد پر شاداب زکاتی کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔حکام نے خبردار کیا کہ بغیر اجازت عوامی مقامات پر ہجوم اکٹھا کرنے اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔یاد رہے کہ اس تقریب میں کرکٹر رنکو سنگھ کی بہن نیہا سنگھ سمیت دیگر معروف شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔