Live Updates

حکومت صرف 1 ماہ میں عوام کی جیبوں سے اضافی 180 ارب نکالنے کیلئے تیار

پٹرول اور ڈیزل پر عائد ٹیکسز میں مزید اضافہ، شہری ہر لیٹر پٹرول پر تقریباً 120 روپے اور ہر لیٹر ڈیزل پر تقریباً 60 روپے ٹیکس اور ڈیوٹیز ادا کرنے پر مجبور

muhammad ali محمد علی ہفتہ 2 مئی 2026 19:40

حکومت صرف 1 ماہ میں عوام کی جیبوں سے اضافی 180 ارب نکالنے کیلئے تیار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 2مئی2026ء) حکومت صرف 1 ماہ میں عوام کی جیبوں سے اضافی 180 ارب نکالنے کیلئے تیار، پٹرول اور ڈیزل پر عائد ٹیکسز میں مزید اضافہ، شہری ہر لیٹر پٹرول پر تقریباً 120 روپے اور ہر لیٹر ڈیزل پر تقریباً 60 روپے ٹیکس اور ڈیوٹیز ادا کرنے پر مجبور۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ " پاکستانی عوام ہر لیٹر پٹرول پر تقریباً 120 روپے اور ہر لیٹر ڈیزل پر تقریباً 60 روپے ٹیکس اور ڈیوٹیز ادا کر رہی ہے۔

اس طرح اس مہینے پٹرول اور ڈیزل کی فروخت سے حکومت کو تقریباً 180 ارب روپے ملیں گے۔ عوام کی اس قربانی سے کوئی حکومت نیا لگژری جہاز خریدتی ہے، کوئی 15 سال سے ادھورے پانی کے منصوبے کی لاگت 40 ارب سے بڑھا کر 400 ارب کر دیتی ہے، اور کوئی ہر سرکاری رکن اسمبلی کو اپنے حلقے میں خرچ کرنے کے لیے 25 کروڑ روپے (کل 43 ارب روپے) دیتی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت اگلے مہینے بھی آپ سے مزید قربانی مانگے گی۔

" دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ردوبدل کے بعد حکومت کی جانب سے فی لٹر پٹرول اور ڈیزل پر وصول کیے جانے والے ٹیکسوں کے ہوشربا اعداد و شمار سامنے آئے ہیں، وزارتِ توانائی کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ عوام کو فروخت کیے جانے والے ایندھن کی قیمت کا ایک بڑا حصہ ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں پر مشتمل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پٹرول کی مجموعی قیمت کا 32 فیصد حصہ مختلف ٹیکسوں پر مشتمل ہے، اس کا مطلب ہے کہ عوام فی لٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 129 روپے 72 پیسے صرف ٹیکس کی مد میں ادا کر رہے ہیں، جن میں پٹرولیم لیوی 103 روپے 50 پیسے، کسٹم ڈیوٹی 23 روپے 72 پیسے اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی 2 روپے 50 پیسے ہے، یوں عوام صرف ایک لٹر پٹرول پر مجموعی ٹیکسوں کا بوجھ 129 روپے 72 پیسے برداشت کر رہی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں ٹیکسوں کا تناسب 21 فیصد ہے، فی لٹر ڈیزل پر عوام مجموعی طور پر 82 روپے 81 پیسے ٹیکس ادا کر رہے ہیں، جن میں کسٹم ڈیوٹی 51 روپے 62 پیسے، پٹرولیم لیوی 28 روپے 69 پیسے، کلائمیٹ سپورٹ لیوی 2 روپے 50 پیسے شامل ہے جس کے ساتھ فی لٹر ڈیزل پر مجموعی ٹیکس بوجھ 82 روپے 81 پیسے بنتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل دونوں پر 2 روپے 50 پیسے فی لٹر کے حساب سے "کلائمیٹ سپورٹ لیوی" بھی برقرار رکھی ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے فنڈز جمع کرنا بتایا جاتا ہے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :