ذی الحجہ کا چاند کس دن باآسانی نظر آ جائےگا؟

رویت ہلال کونسل نے عید الاضحٰی کی ممکنہ تاریخ بتا دی، عید قربان کی آمد میں ایک ماہ سے کم وقت باقی رہ گیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 2 مئی 2026 19:27

ذی الحجہ کا چاند کس دن باآسانی نظر آ جائےگا؟
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 2مئی2026ء) ذی الحجہ کا چاند کس دن باآسانی نظر آ جائےگا؟ رویت ہلال کونسل نے عید الاضحٰی کی ممکنہ تاریخ بتا دی، عید قربان کی آمد میں ایک ماہ سے کم وقت باقی رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق رویت ہلال ریسرچ کونسل نے عیدالاضحی کی تاریخ سے متعلق پیش گوئی کر دی ہے۔ رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 16 اور 17 مئی کی درمیانی رات پاکستانی وقت کے مطابق ایک بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ اگر موسم صاف رہا تو پاکستان میں ذی الحجہ 1447 ہجری کا چاند اتوار 17 مئی 2026 کی شام دیکھا جا سکے گا، جس کے بعد یکم ذی الحجہ 18 مئی بروز پیر کو ہوگی جبکہ عیدالاضحی 27 مئی بروز بدھ کو منائے جانے کا امکان ہے۔خالد اعجاز مفتی کا کہنا تھا کہ 17 مئی کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے بیشتر علاقوں میں 18 گھنٹے سے کچھ زیادہ ہو گی، جو رویتِ ہلال کے لئے موزوں سمجھی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان وقفہ کراچی میں تقریبا 55 منٹ جبکہ پشاور میں 63 منٹ ہوگا، اس لئے ملک کے جن علاقوں میں مطلع صاف ہوا وہاں ننگی آنکھ سے چاند دیکھے جانے کا امکان موجود ہے۔رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق اگر 17 مئی کی شام ملک بھر میں بادل ہوئے اور چاند نظر نہ آ سکا تو ذی القعدہ کے 30 دن مکمل کئے جائیں گے اور پھر یکم ذی الحجہ 19 مئی بروز منگل کو ہوگی۔

کونسل نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس بار پاکستان اور سعودی عرب میں عیدالاضحی ایک ہی روز یعنی 27 مئی کو منائی جا سکتی ہے۔ جبکہ عید الاضحیٰ 2026 کے حوالے سے ماہرین فلکیات کی پیش گوئی سامنے آئی ہے۔ متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے ماہر فلکیات ابراہیم الجروان نے عید الاضحیٰ 2026 کی ممکنہ تاریخ کے حوالے سے تفصیلات بتا دیں۔ ماہر فلکیات ابراہیم الجروان کے مطابق فلکیاتی حسابات کے تحت رواں سال عید الاضحیٰ 27 مئی کو ہونے کی توقع ہے۔ پیش گوئی کے مطابق پیر 18 مئی ذی الحج کا پہلا دن ہوگا جبکہ حج کا سب سے اہم رکن ‘یومِ عرفہ’ منگل 26 مئی کو ہونے کا امکان ہے۔