ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ،بھارتی کرکٹ بورڈ کا15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

اسمرتی مندھانا نائب کپتان کی ذمہ داریاں انجام دیں گی‘ فاسٹ بولر کاشوی گوتم اور آل راؤنڈر امنجوت کور انجری کے باعث باہر

اتوار 3 مئی 2026 14:05

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2026ء) بھارتی کرکٹ بورڈ نے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں ہرمن پریت کور بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گی جبکہ اسمرتی مندھانا نائب کپتان کی ذمہ داریاں انجام دیں گی۔ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 12 جون سے انگلینڈ میں ہوگا جبکہ فائنل 5 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

بھارتی ٹیم کی فاسٹ بولر کاشوی گوتم اور آل راؤنڈر امنجوت کور انجری کی وجہ سے اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔کپتان ہرمن پریت کور نے کہا کہ ٹیم کے پاس رینوکا ٹھاکر، کرانتی گوڑ، اروندھتی ریڈی اور نندنی شرما کی صورت میں4 بہترین فاسٹ بولر موجود ہیں لیکن امنجوت کی کمی محسوس ہوگی۔واضح رہے کہ ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

(جاری ہے)

بھارت کو آسٹریلیا، بنگلہ دیش، پاکستان، نیدرلینڈز اور جنوبی افریقہ کے ساتھ گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔

بھارتی ٹیم اپنا پہلا میچ 14 جون کو پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔ انگلینڈ، آئرلینڈ، نیوزی لینڈ، اسکاٹ لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کو گروپ بی میں شامل کیا گیا ہے۔ٹی-20 عالمی کپ کے لیے ہندوستانی اسکواڈ میں ہرمن پریت کور (کپتان) ہیں دیگر کھلاڑیوں میں اسمرتی مندھانا (نائب کپتان)، شیفالی ورما، جیمیما روڈرگز، بھارتی پھلمالی، دیپتی شرما، رچا گھوش (وکٹ کیپر)، شری چرنی، یاستیکا بھاٹیا (وکٹ کیپر)، نندنی شرما، اروندھتی ریڈی، رینوکا ٹھاکر، کرانتی گوڑ، شرینکا پاٹل، رادھا یادیو شامل ہیں۔