عراق کا استحکام مشرق وسطیٰ اور یورپ کی سکیورٹی کے لیے ناگزیر ہے، فرانسیسی صدر

پیر 4 مئی 2026 10:25

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2026ء) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے عراق کے نئے نامزد وزیراعظم علی الزیدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ حکومت سازی کے لیے نامزد شخص کا مشن انتہائی مشکل علاقائی حالات میں عراق کے مستقبل کے لیے فیصلہ کن ہے۔ایمانوئل میکرون نے زور دیا کہ عراق کا استحکام، خودمختاری اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی مکمل صلاحیت مشرق وسطیٰ اور یورپ کی سکیورٹی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

ایمانوئل میکرون نے اپنی پوسٹ میں اس ڈرون حملے کا بھی ذکر کیا جس میں 12 مارچ کو عراقی کردستان میں ایک فرانسیسی فوجی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔ انہوں نے لکھا کہ میں نے اس حملے کی تحقیقات کے نتائج تک جلد پہنچنے کی خواہش کا اعادہ کیا ہے جس میں آرنو فریون ہلاک اور ان کے کئی ساتھی زخمی ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

اربیل شہر میں ایرانی ساختہ شاہد ڈرون حملے کے نتیجے میں 42 سالہ فرانسیسی فوجی فریون ہلاک جبکہ چھ دیگر اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب عراقی وزیراعظم کے میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق نامزد وزیراعظم علی فالح الزیدی سےفرانسیسی صدرایمانوئل میکرون نے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے نئی حکومت کی تشکیل کے لیے باضابطہ نامزدگی پر مبارکباد دی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ گفتگو کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ دونوں دوست ممالک کے باہمی مفادات حاصل کیے جا سکیں۔ایمانوئل میکرون نے عراق کے لیے اپنے ملک کی حمایت اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون اور تعلقات کی مضبوطی کے لیے آنے والے مرحلے میں سرکاری دوروں کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا۔