ہرجانہ کیس؛ لاہور ہائیکورٹ کا میشا شفیع کو 25 لاکھ روپے بطور گارنٹی جمع کرانے کا حکم

عدالت نے گلوکارہ کی جانب سے مکمل فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے انہیں آدھی رقم جمع کرانے کا حکم دے دیا، گلوکار علی ظفر کو نوٹس جاری

Sajid Ali ساجد علی پیر 4 مئی 2026 15:45

ہرجانہ کیس؛ لاہور ہائیکورٹ کا میشا شفیع کو 25 لاکھ روپے بطور گارنٹی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2026ء) لاہور ہائیکورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع اور علی ظفر کے درمیان جاری ہرجانہ کیس میں ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے میشا شفیع کو سنائے گئے 50 لاکھ روپے ہرجانے کے فیصلے کو مشروط طور پر معطل کردیا ہے، عدالت نے گلوکارہ کی جانب سے مکمل فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے انہیں آدھی رقم جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں میشا شفیع کی جانب سے ٹرائل کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی، سیشن عدالت کے 50 لاکھ روپے ہرجانے کے فیصلے کے خلاف میشا شفیع کی اپیل پر لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس احمد ندیم ارشد نے سماعت کی، عدالت نے میشا شفیع کو حکم دیا ہے کہ وہ جرمانے کی کل رقم کا نصف یعنی 25 لاکھ روپے کیش بطور گارنٹی عدالت میں جمع کروائیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ عدالت نے ٹرائل کورٹ کے پورے فیصلے کو معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی، جس کا مطلب ہے کہ فیصلے کے قانونی اثرات برقرار رہیں گے، عدالت نے میشا شفیع کی اپیل کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے گلوکار علی ظفر کو نوٹس جاری کر دیا اور ان سے جواب طلب کر لیا ہے، سماعت کے دوران معزز عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو مکمل طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا، ہم کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ (بغیر ثبوت کے) کسی پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے۔

یاد رہے کہ یہ قانونی جنگ اس وقت شروع ہوئی تھی جب میشا شفیع نے سوشل میڈیا پر علی ظفر کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے، علی ظفر نے ان الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے میشا شفیع کے خلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کیا، ٹرائل کورٹ نے طویل سماعت کے بعد علی ظفر کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے میشا شفیع کو 50 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا، جسے اب ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے، لاہور ہائیکورٹ میں اب اس کیس کی باقاعدہ اپیل پر سماعت ہوگی جہاں دونوں فریقین کے وکلاء اپنے دلائل پیش کریں گے، فی الحال میشا شفیع کو 25 لاکھ روپے جمع کروا کر فوری قانونی کارروائی سے عارضی ریلیف مل سکے گا۔