معرکہ حق، پاکستان کی عسکری برتری اور قومی اتحاد کا عملی مظہر ہے ،خواجہ آصف

بدھ 6 مئی 2026 17:59

معرکہ حق، پاکستان کی عسکری برتری اور قومی اتحاد کا عملی مظہر ہے ،خواجہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2026ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ معرکہ حق محض ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک واضح لکیر ہے جو مستقبل کے لیے پیغام دے چکی ہے۔ اب کسی بھی مہم جوئی کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ سخت اور مؤثر انداز میں دیا جائے گا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج کی جوابی صلاحیت دشمن کے اندازوں سے کہیں زیادہ تیز، مربوط اور مؤثر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم ‘‘بنیان المرصوص’’ کی عملی تصویر بن چکی ہے اور مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔وزیر دفاع نے پاکستانی نوجوانوں کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کا شعور، اعتماد اور حب الوطنی ہی دراصل ملک کی اصل طاقت ہے، جو ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نوجوان قیادت نے بھی اس کامیابی کو قومی تاریخ کا درخشاں باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر اللہ کی مدد واضح طور پر محسوس کی گئی اور اس فتح نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسی داستان ہے جو آنے والی نسلوں کو سنائی جائے گی۔نوجوانوں کے مطابق پاکستانی افواج نے دشمن کی جارحیت کا ایسا بھرپور جواب دیا کہ وہ پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہو گیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو نہ حقیقت میں اور نہ ہی کسی کے خوابوں میں شکست دی جا سکتی۔یہ بیانات اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ قومی سلامتی کے معاملے پر پوری قوم اور قیادت ایک صفحے پر کھڑی ہے اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔