پاک،امریکا تجارتی تعلقات میں پیش رفت، تعاون بڑھانے پر اتفاق

بدھ 6 مئی 2026 17:59

پاک،امریکا تجارتی تعلقات میں پیش رفت، تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2026ء) پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی کوششوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور امریکی ڈپٹی تجارتی نمائندہریک سوئیٹزر کے درمیان ورچوئل ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت کے فروغ، نئے مواقع کی تلاش اور متوازن تجارتی فریم ورک کی تشکیل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی نمائندہ تجارت نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے عالمی تجارت میں پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار عالمی کردار کے طور پر امن اور معاشی تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور امریکا کے ساتھ تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ باہمی بنیادوں پر ایک مؤثر اور مستقبل پر مبنی تجارتی فریم ورک دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا اور پائیدار معاشی تعاون کو فروغ دے گا۔

سیکرٹری تجارت جاوید پال نے بتایا کہ تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری ہیں اور چند امور پر پیشرفت ابھی باقی ہے، تاہم مجموعی طور پر بات چیت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔وزیر تجارت نے امریکی وفد کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جبکہ دونوں جانب سے رابطوں کو جاری رکھنے اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔