بحرِاوقیانوس میں کروزشپ پرہنٹا وائرس کا شبہ، 3 مسافر ہلاک

پیر 4 مئی 2026 19:49

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2026ء) عالمی ادارہ صحت کے مطابق 3 مئی کو بحرِ اوقیانوس میں ایک کروز شپ پر سوار 3 افراد ہنٹا وائرس کے مشتبہ انفیکشن کے باعث ہلاک ہو گئے۔ہنٹا وائرس چوہوں سے پھیلنے والا وائرس ہے جو مہلک سانس کی بیماری کا سبب بن سکتا ہے۔ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ اب تک ہنٹا وائرس کے ایک کیس کی لیبارٹری سے تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مزید 5 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں۔

متاثرہ 6 افراد میں سے 3 ہلاک ہو چکے ہیں اور ایک اس وقت جنوبی افریقہ میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیرِ علاج ہے۔امریکی اخبار یو ایس ٹوڈے کو دیے گئے بیان میں نیدرلینڈز میں قائم کروز کمپنی اوشین وائیڈ ایکسپیڈیشن نے کہا کہ جہاز ایم وی ہونڈیئس پر ایک ’سنگین طبی صورتحال‘ سے نمٹا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

کمپنی کے مطابق مذکورہ جہاز ارجنٹائن سے کیپ وردے جا رہا تھا۔

’اس سفر کے دوران 3 مسافر انتقال کر گئے۔ ان میں سے 2 اموات جہاز پر ہوئیں جبکہ ایک مسافر جہاز سے اترنے کے بعد انتقال کر گیا۔اس کے علاوہ ایک مسافر جوہانسبرگ میں انتہائی نگہداشت میں زیر علاج ہے جبکہ 2 افراد کو فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ڈچ وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ مرنے والوں میں 2 ڈچ شہری شامل ہیں، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔