یوکرین کے روسی جوہری پلانٹ اور بندرگاہ پر نئے ڈرون حملے

حملے سے آگ لگی تھی جسے بجھا دیا گیا ہے اور تیل کا رسا ئونہیں ہوا،روسی حکام

پیر 4 مئی 2026 18:50

ماسکو/کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2026ء) یوکرین نے روس کے زیر قبضہ زاپوریزہیا جوہری پلانٹ اور بالٹک سمندر کی اہم بندرگاہ پریمورسک پر ڈرون حملے کیے ہیں، دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر شہری ہلاکتوں کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے کہا کہ ایک یوکرینی ڈرون نے روسی جوہری پلانٹ کے قریب واقع ریڈی ایشن کنٹرول لیبارٹری کو نشانہ بنایا تاہم جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

یوکرین نے روسی بندرگاہ پریمورسک پر حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے اور تیل کی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ۔دوسری جانب روسی حکام نے کہاکہ حملے سے آگ لگی تھی جسے بجھا دیا گیا ہے اور تیل کا رسا ئونہیں ہوا ۔یوکرینی صدر نے دعوی کیا کہ روس کے ایک جنگی جہاز، گشت پر مامور کشتی اور تیل بردار جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا جبکہ بحیرہ اسود میں نووروسیسک کے قریب 2ٹینکروں پر بھی حملہ کیا گیا ۔روسی حکومت نے یوکرین کے حملوں کے جواب میں خبردار کیا کہ تیل کی تنصیبات پر حملوں سے عالمی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے جو پہلے ہی 120 ڈالرز فی بیرل سے زائد ہیں۔