قبضہ مافیا کے خلاف قانونی کاروائی کر کے دیہہ گدو بندر کے سروے نمبر 168 پر ہونے والے قبضے کو فوری طور پر روکا جائے، الطاف خاصخیلی

پیر 4 مئی 2026 21:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2026ء) لطیف آباد کے گوٹھ دڑو میان کے رہائشی الطاف خاصخیلی نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کی، اس موقع پر خدا بخش سولنگی اور میر محمد سولنگی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

الطاف خاصخیلی نے بتایا کہ دیہہ گدو بندر میں سروے نمبر 168 پر خدا بخش سولنگی، میر محمد سولنگی اور شاہ محمد سولنگی کی 8 ایکڑ زمین ہے، جس پر وہ اپنے آبا اجداد کے زمانے سے زرعی کاشت کرتے آ رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ یہ زمین 1971سے 1995 تک بطور زرعی زمین لیز پر دی جاتی رہی ہے جب کہ 2012 میں اس زمین کو ہاسنگ اسکیم کے لئے 99 سالہ لیز پر دے دیا گیا، جس کی مد میں 2 کروڑ روپے فیس بھی جمع کرائی گئی اور سیٹلمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے پیمائش کے بعد یہ زمین لیز ہولڈرز کے حوالے کر دی، انہوں نے الزام لگایا کہ سندھ کچی آبادی اور اینٹی انکروچمنٹ فورس قبضہ مافیا کے ساتھ مل کر زمین پر قبضے کروا رہی ہے اور جعلی دیہات و کچی آبادیوں کے نام پر خالی زمین کو ریگولرائز کر کے چار دیواری بنا کر پلاٹنگ کی جا رہی ہے، اور یہ پلاٹ غریب لوگوں کو لاکھوں روپے میں فروخت کئے جا رہے ہیں جب کہ حاصل شدہ رقم سرکاری خزانے میں جمع کرانے کے بجائے مبینہ طور پر آپس میں تقسیم کر لی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ مذکورہ زمین کے قریب فاطمہ جناح کالونی ہے جس کی آڑ میں سروے نمبر 168پر غیر قانونی قبضے کئے جا رہے ہیں جو سراسر غیر قانونی ہے، انہوں نے وزیر اعلی سندھ سے مطالبہ کیا کہ قبضہ مافیا کے خلاف قانونی کاروائی کر کے دیہہ گدو بندر کے سروے نمبر 168 پر ہونے والے قبضے کو فوری طور پر روکا جائے۔