ایتھوپیا کے ساتھ بڑھتی کشیدگی،سوڈان نے سفیر کو واپس بلا لیا

منگل 5 مئی 2026 12:06

خرطوم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) سوڈان نے ایتھوپیا پر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا۔ شنہوا کے مطابق سوڈان کے وزیر خارجہ محی الدین سلیم نے منگل کو بیان میں کہا ہے کہ سفیر کو مشاورت کے لیے واپس بلایا جا رہا ہے اور ملک ایتھوپیا کے ساتھ کھلے تصادم کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایتھوپیا کے بیر ڈار ایئرپروٹ سے سوڈانی تنصیبات پر ڈرون حملے کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ سوڈان کو اس جارحیت کا مناسب جواب دینے کا قانونی حق حاصل ہے، اگرچہ وہ کسی ملک کے خلاف پہل نہیں کرنا چاہتا لیکن کوئی بھی ہم پر حملہ کرتا ہے تو اس کا جواب دیا جائے گا۔ سوڈانی مسلح افواج کے ترجمان عاصم عواد عبدالوہاب نے کہا کہ فوج حملوں کا دوگنا سخت جواب دے گی اور اس کے پاس حملوں میں ایتھوپیا کے ملوث ہونے کے مصدقہ شواہد موجود ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب پیر کو خرطوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دارالحکومت میں فوجی تنصیبات کو ڈرون حملوں نے نشانہ بنایا جس سے دھماکے ہوئے اور مختلف مقامات سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں کسی جانی یا مالی بڑے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر ہوائی اڈے کے عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا اور ایئرپورٹ کو 72 گھنٹوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے ، معمول کی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔