ریڈ سی گلوبل کا عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ریڈ سی مقام کے لیے 32 پروازیں شامل کرنے کا اعلان

منگل 5 مئی 2026 12:06

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) سعودی عرب کی ڈویلپمنٹ اور ٹورازم کمپنی ریڈ سی گلوبل نے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ریڈ سی مقام کے لیے 32 پروازیں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اردو نیوز کے مطابق ریڈ سی گلوبل نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے 32 پروازیں شامل کی گئی ہیں۔

ریڈ سی مقام پر اس وقت مہمانوں کے خیرمقدم کے لیے 9ہوٹل موجود ہیں۔یہ مقام صحرا کی سیر اور جزیرے کی زندگی سے لے کر مہم جوئی اور تفریح تک مختلف تجربات فراہم کرتا ہے۔ان میں سکیٹ بورڈنگ، کیبل سرفنگ، کلف جمپنگ، کڈز واٹر پلے ایریا شامل ہیں۔ یہاں 215 میٹر سی واٹر ویو پول ہے، لہریں 2.1 میٹر تک بلند ہوتی ہیں۔ریڈ سی گلوبل نے مہمانوں کے لیے پکوان، تفریح اور ثقافتی تجربات کا خصوصی پروگرام تیار کیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ریڈ سی گلوبل نے حال ہی میں ’’ارتھ چیک‘‘ کی جانب سے ’’ریڈ سی‘‘ مقام کےلیے عالمی سطح پر تسلیم شدہ پائیدار سیاحتی مقام کی سرٹیفیکیشن حاصل کی ہے۔ ریڈ سی گلوبل کمپنی نے2023 سے سیاحتی مقامات کے حوالے سے اپنے دروازے مہمانوں کے لیے کھولے تھے۔اس وقت ریڈ سی کے 10 ریزورٹس ہیں جبکہ ریڈ سی انٹرنیشنل ایئرپورٹ جہاں سے ریاض، جدہ ، میلان ، دبئی اور دوحہ سے براہ راست پروازوں کی آمد ورفت جاری ہے۔جزیرہ شوری میں گزشتہ سال پہلے ریزورٹس کا افتتاح کیا گیا، جہاں 18 ہولز پر مشتمل گالف کورٹ موجود ہے۔