صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی اجلاس میں 22 ارب روپے کے فنڈز منظور

منگل 5 مئی 2026 17:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2025-26کے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کی72ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کے لئے 22ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ بورڈ ڈاکٹر نعیم رئوف نے کی۔ اجلاس میں جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں پاک پتن سے چوک مرلے بذریعہ پرانا تھانہ پختہ سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے 2ارب 33کروڑ روپے،نشتر ہسپتال ملتان میں کینسر سینٹر کی بلڈنگ کی تعمیر کے لیے ایک ارب روپے ، جوبلی ٹائون لاہور میں فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز کی تعمیر کے لیے 4ارب 47کروڑ روپے ، پنجاب کے ٹیریٹری کیئر ہاسپٹلز میں 2ایم آر ائی مشینوں کی فراہمی کے لیے ایک ارب 6کروڑ روپے ، فیصل آباد اور ملتان میں 2ایم آر آئی مشینوں کی خریداری کے لیے ایک ارب 13کروڑ ، چلڈرن ہسپتال لاہور میں پتھیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی اپ گریڈیشن کے لیے ایک ارب 27کروڑ ،نیشنل بینک پارک میں مانومنٹ اور میوزیم کی تعمیر کے لیے 4ارب 24کروڑ روپے اور اولڈ پی ایند ڈی بلڈنگ کی تعمیر کے لیے 6ارب 47کروڑ کے فنڈز کی منظوری شامل ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی اجلاس میں پنجاب کے مختلف شہروں میں پیرا ان فورسمنٹ اسٹیشنز کی تعمیر کے پوزیشن پیپر، سی ایم پرواز کارڈ فار انٹرنیشنل پلیسمنٹ کا پوزیشن پیپر اور کلائمٹ فنانس یونٹ پنجاب کے قیام کے پوزیشن پیپرز کی منظوری بھی دی گئی ۔ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی ، چیف اکانومسٹ ڈاکٹر فرخ نوید ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے ۔