فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز میں جدید ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح

منگل 5 مئی 2026 17:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) پارلیمانی سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سعدیہ تیمور نے فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز جوبلی ٹاون لاہور میں جدید ڈے کیئر سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ادارے کے ڈین، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس)، ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور اس اہم اقدام کو خواتین ملازمین کے لیے نہایت سودمند قرار دیا۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سعدیہ تیمور نے کہا کہ حکومتِ پنجاب خواتین کو محفوظ اور سہولت بخش ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ اپنی خاندانی ذمہ داریاں بھی احسن طریقے سے نبھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ڈے کیئر سینٹر کا قیام خاص طور پر ان خواتین ڈاکٹروں اور سٹاف کے لیے معاون ثابت ہوگا جو اپنے ننھے بچوں کی دیکھ بھال کے باعث پیشہ ورانہ امور میں مشکلات کا سامنا کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ سہولت نہ صرف ان کی کارکردگی میں بہتری لائے گی بلکہ ادارے کے مجموعی ماحول کو بھی مثبت بنائے گی۔اس موقع پر ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ طارق خان نیازی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشنز حافظ عثمان بھی پارلیمانی سیکرٹری کے ہمراہ موجود تھے۔ادارے کے انتظامی افسران نے حکومتِ پنجاب اور وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس سہولت کو بہترین انداز میں چلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔