چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ بورڈ کی زیر صدارت صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا72 واں اجلاس

منگل 5 مئی 2026 18:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ بورڈ ڈاکٹر نعیم رف کی زیر صدارت مالی سال 2025-26 کی صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا72 واں اجلاس منعقدہوا ۔اس موقع پر مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کے لئے 22 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی جن میں پاک پتن سے چوک مرلے بذریعہ پرانا تھانہ پختہ سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے 2ارب 33 کروڑ روپے،نشتر ہسپتال ملتان میں کینسر سینٹر کی بلڈنگ کی تعمیر کے لیے ایک ارب روپے ، جوبلی ٹاون لاہور میں فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز کی تعمیر کے لیے 4 ارب 47 کروڑ روپے ، پنجاب کے ٹیریٹری کیئر ہاسپٹلز میں 2 ایم آر ائی مشینوں کی فراہمی کے لیے ایک ارب 6 کروڑ روپے ، فیصل آباد اور ملتان میں 2 ایم آر آئی مشینوں کی خریداری کے لیے ایک ارب 13 کروڑ ، چلڈرن ہسپتال لاہور میں پتھیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی اپ گریڈیشن کے لیے ایک ارب 27 کروڑ , نیشنل بینک پارک میں مانومنٹ اور میوزیم کی تعمیر کے لیے 4ارب 24 کروڑ روپے اور اولڈ پی ایند ڈی بلڈنگ کی تعمیر کے لیے 6 ارب 47 کروڑ کے فنڈز کی منظوری شامل ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی اجلاس میں پنجاب کے مختلف شہروں میں پیرا ان فورسمنٹ اسٹیشنز کی تعمیر کے پوزیشن پیپر، سی ایم پرواز کارڈ فار انٹرنیشنل پلیسمنٹ کا پوزیشن پیپر اور کلائمٹ فنانس یونٹ پنجاب کے قیام کے پوزیشن پیپرز کی منظوری بھی دی گئی ۔ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی ، چیف اکانومسٹ ڈاکٹر فرخ نوید ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے ۔