مکہ میں پاکستانی عازمین کے لئے نجی کمپنی کا وسیع و عریض کچن فعال

کچن میں داخل ہوتے ہی حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی واضح نظر آتی ہے،انتظامیہ

منگل 5 مئی 2026 21:57

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) سعودی عرب میں حج آپریشن 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستانی عازمینِ حج کی سہولت اور خوراک کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں قائم کردہ نجی کمپنی کا کچن اس وقت 8 ہزار سے زائد عازمینِ حج کو روزانہ کی بنیاد پر تازہ اور معیاری کھانا فراہم کرنے کا مرکز بنا ہوا ہے۔کچن انتظامیہ کے مطابق یہاں صفائی ستھرائی کے عالمی معیار کے مطابق انتظامات کئے گئے ہیں، کچن میں داخل ہوتے ہی حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی واضح نظر آتی ہے جہاں ورکرز باقاعدہ طور پر حفاظتی لباس اور ماسک کا استعمال کرتے ہیں۔

عازمینِ حج کے لئے گھر جیسے ذائقے کو یقینی بنانے کے لئے تمام بنیادی مصالحہ جات خاص طور پر پاکستان سے منگوائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کچن کوآرڈینیٹر کا کہنا ہے کہ ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ پاکستانی عازمین کو اپنے ملک جیسا ذائقہ ملے، اسی لئے تمام دالیں، چاول اور مصالحہ جات پاکستان سے درآمد کئے گئے ہیں تاکہ معیار اور ٹیسٹ میں کوئی سمجھوتہ نہ ہو، روزانہ کی بنیاد پر کچن میں تازہ سبزیاں اور گوشت پہنچایا جاتا ہے، مینو میں مکس سبزی، مٹن اچاری اور دیگر روایتی پکوان شامل ہیں، بڑے پیمانے پر کھانے کی تیاری کے لئے ماہر شیف اور سینکڑوں ورکرز 24 گھنٹے شفٹوں میں کام کر تے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عازمین کے لئے بڑے پیمانے پر چائے کی تیاری کے لئے بھی خصوصی انتظامات موجود ہیں، کچن میں خشک راشن (چاول، دالیں، گھی) کے لئے وسیع سٹورز کے ساتھ ساتھ گوشت اور دیگر اشیا کو محفوظ رکھنے کے لئے جدید فریزر پلانٹ بھی لگائے گئے ہیں جہاں درجہ حرارت کو مانیٹر کیا جاتا ہے تاکہ کھانے کی تازگی برقرار رہے۔ مکہ میں موجود عازمین اور ان کے اہلخانہ کے لئے یہ اطمینان بخش امر ہے کہ مکہ مکرمہ میں ان کی خوراک اور صحت کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔