ریاست مخالف پروپیگنڈا،پنجاب بھر میں این سی سی آئی اے کا کریک ڈائون، 13افراد گرفتار

لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، ملزمان سے مزید تفتیش جاری

منگل 5 مئی 2026 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی پنجاب نے صوبہ بھر میں کریک ڈائون شروع کر دیا، مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران 13افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب علی وسیم نے آپریشنز کی خود نگرانی کی۔ حکام کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

(جاری ہے)

گوجرانوالہ سے حامد رضا، عمران اور وقار احمد کو حراست میں لیا گیا جبکہ ملتان سے ارشد عمر، جنید اور اظہر نامی افراد کو گرفتار کیا گیا۔ فیصل آباد سے اسماعیل اور صدیق جبکہ لاہور سے عثمان، قمر عباس اور طاہر مشتاق کو بھی حراست میں لیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف مواد شیئر کر رہے تھے۔ ملزمان کے موبائل فونز اور لیپ ٹاپس قبضے میں لے لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔این سی سی آئی اے کے مطابق پروپیگنڈا کرنے والے افراد کے پس پردہ عناصر کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سرگرمیاں کسی مخصوص ایجنڈے کے تحت کی جا رہی تھیں۔