پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش پر بھارت کے بگلیہار ڈیم کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے

بھارت نے پاکستانی دریاؤں کا پانی روکا تو اس کو جنگ تصور کریں گے، بھارت دریائے چناب پر تین چار چھوٹے ڈیمز بنانے جارہا ہے، ہمیں بھی تین چار جگہوں پر آبی ذخائر بنا نا ہوں گے، سینیٹررانا ثناء اللہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 5 مئی 2026 22:51

پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش پر بھارت کے بگلیہار ڈیم کو نشانہ بنایا ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 05 مئی 2026ء ) وفاقی مشیر سیاسی امور سینیٹررانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش پر بھارت کے بگلیہار ڈیم کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے، بھارت نے پاکستانی دریاؤں کا پانی روکا تو اس کو جنگ تصور کریں گے۔ سماء نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کا پانی روکا تو اس کو جنگ تصور کریں گے، پانی روکنے کی کوشش پر بھارت کے بگلیہار ڈیم کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے، مجھے چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ بھارت دریائے چناب پر تین چار چھوٹے ڈیمز تعمیر کرنے کا جارہا ہے، کچھ پر کام شروع بھی کردیا ہے، بھارت کا مقصد یہ ہے کہ جب پاکستان کو پانی کی ضرورت ہوگی تو بھارت پانی روک لے گا اور جب ضرورت نہیں ہوگی تو پانی چھوڑ کر سیلاب کی صورتحال پید اکرے گا، اس کا ٹریلر دریائے راوی اور چناب میں پانی پھینک کردکھایا بھی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کے اس عمل کو جنگ تصور کیا جائیگا، یہ عالمی سطح پر ایکٹ آف وار ہے۔ لیکن ہمارے پاس اس کا حل یہ ہے کہ ہم بھی تین چار جگہوں پر آبی ذخائر بنا لیں، جب وہ پانی چھوڑے تو ہم اس کو ذخیرہ کرلیں، اور جب وہ پانی روکے تو ہم اس پانی کو استعمال کرلیں۔ پانی کے ذخائر بنانے کیلئے اب سندھ اور پنجاب نے طے کرنا ہے کہ کہاں کہاں پر بنائے جائیں۔ ایک آبی ذخیرہ دریائے چناب پر چنیوٹ ، جھنگ یا ملتان کے پاس بنانے کی تجویز ہے۔دریائے سندھ اور جہلم کا کیچ منٹ ایریا بھارت میں نہیں ہے، جبکہ چناب کا کیچمنٹ ایریا وہاں پر ہے۔