ایل پی جی کی قیمت میں 31 پیسے کمی کا اعلان

اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 3 روپے 69 پیسے کمی کر دی گئی

muhammad ali محمد علی منگل 5 مئی 2026 21:22

ایل پی جی کی قیمت میں 31 پیسے کمی کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2026ء) ایل پی جی کی قیمت میں 31 پیسے کمی کا اعلان، اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 3 روپے 69 پیسے کمی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا نے ماہ مئی کیلئے ایل پی جی کے سرکاری نرخ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت 303 روپے 81 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 3 روپے 69 پیسے کمی کر دی گئی، ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 31 پیسے کمی ہوگئی۔ مئی کے لیے گھریلو سلنڈر کی قیمت 3584 روپے 90 پیسے مقرر کر دی گئی، اپریل میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 3588 روپے 59 پیسے مقرر تھی۔ جبکہ واضح رہے کہ ملک کے کسی علاقے میں ایل پی جی سرکاری قیمت پر دستیاب نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں سوئی گیس کے کم پریشر اور مسلسل قلت نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہری مہنگی ایل پی جی کے استعمال پر مجبور ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں اس کی قیمتیں بھی غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہیں۔ مارکیٹ میں ایل پی جی 430 سے 460 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جو عام شہری کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے اور گھریلو بجٹ پر شدید دباؤ ڈال رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک طرف باقاعدگی سے سوئی گیس کے بل ادا کرتے ہیں، جبکہ دوسری جانب کھانا پکانے کے لیے مہنگی ایل پی جی خریدنے پر بھی مجبور ہیں، جس سے ان کے مالی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔

خصوصاً سفید پوش طبقہ اس صورتحال سے شدید متاثر ہے اور شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کے مسائل حل کرنے کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور ایل پی جی کی قیمتوں کو فوری طور پر کنٹرول کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم ہو سکے۔