لاہور میں شہریوں کو پہلے صفائی بل میں ہی اکٹھے 4 مہینوں کا بل تھما دیا گیا

پہلے ہی بل میں 4 ماہ کے واجبات اور جرمانے شامل کر دیئے گئے، جب بل ہی پہلی بار آیا ہے تو جرمانہ کس بات کا؟ شہریوں کا مؤقف

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 مئی 2026 12:09

لاہور میں شہریوں کو پہلے صفائی بل میں ہی اکٹھے 4 مہینوں کا بل تھما دیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2026ء) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شہریوں کو پہلے صفائی بل میں ہی اکٹھے 4 مہینوں کا بل تھما دیا گیا۔ جیو نیوز کے مطابق لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہریوں کو صفائی کے بلوں کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے، تاہم پہلے ہی مرحلے میں انتظامی بدنظمی اور بھاری بھرکم بلوں نے عوام کے لیے نئی مشکل کھڑی کر دی ہے، اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر میں پہلی بار صفائی ٹیکس کے بلوں کے اجراء نے شہریوں میں بے چینی اور غصے کی لہر دوڑا دی ہے کیونکہ پہلے ہی بل میں 4 ماہ کے واجبات اور جرمانے شامل کر دیئے گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ شہریوں کو موصول ہونے والے پہلے بل میں کئی تضادات سامنے آئے ہیں کیوں کہ شہریوں کو پہلی بار بل موصول ہوا، لیکن اس میں پچھلے چار ماہ کی فیس بھی شامل کر دی گئی ہے، بلوں میں 4 ماہ کی فیس ادا نہ کرنے پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، جس پر شہریوں کا کہنا ہے کہ "جب بل ہی پہلی بار آیا ہے تو جرمانہ کس بات کا؟"، بلوں میں ماہانہ فکس چارجز کا کوئی واضح طریقہ کار درج نہیں، جس سے شہری الجھن کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ "ہم صفائی کا بل دینے کو تیار ہیں، لیکن حکومت طریقہ کار تو بتائے، پہلے ہی بل میں چار ماہ کے بقایا جات اور جرمانہ بھیجنا سراسر ناانصافی ہے"، ترجمان لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اس صورتحال پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ "لاہور میں بلوں کی تقسیم کا عمل ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اسے مرحلہ وار مکمل کیا جا رہا ہے، شروع میں شہریوں کی جانب سے ڈیٹا اور معلومات کی فراہمی میں کچھ مسائل پیش آئے، جس کی وجہ سے بلوں کی تیاری میں دشواری ہوئی"۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ "ادارے نے شفافیت کے لیے ایپ بنائی ہے، بلوں کی تقسیم کو شفاف بنانے کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے ایک جدید ایپلی کیشن تیار کرلی گئی ہے، جن شہریوں کو بلوں میں کسی قسم کی غلطی یا زائد چارجز کی شکایت ہے، وہ فوری طور پر 'ستھرا پنجاب' ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کر کے اپنی شکایت درج کروا سکتے ہیں"۔