Live Updates

پاکستانی سفارتکاری کی ایک اور کامیابی، پاکستان کی درخواست پر ٹرمپ کا 'پراجیکٹ فریڈم' روکنے کا اعلان

پراجیکٹ فریڈم کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ آیا مجوزہ معاہدے پر دستخط ہو سکتے ہیں یا نہیں، تاہم ایران کی بحری ناکہ بندی مکمل طور پر برقرار رہے گی؛ امریکی صدر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 مئی 2026 10:58

پاکستانی سفارتکاری کی ایک اور کامیابی، پاکستان کی درخواست پر ٹرمپ ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2026ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ کشیدگی میں کمی کی جانب قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان اور دیگر دوست ممالک کی درخواست پر 'پراجیکٹ فریڈم' کو عارضی طور پر روکنے کا اعلان کر دیا۔ اس حوالے سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ امریکی سکیورٹی میں آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمد ورفت کے 'پراجیکٹ فریڈم' کو مختصر مدت کے لیے روکنے پر اتفاق ہو گیا ہے تاکہ حتمی معاہدے کی راہ ہموار کی جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ بریک پاکستان اور دیگر عالمی طاقتوں کی خصوصی درخواست پر دیا گیا ہے، اب تک کی عسکری مہم میں امریکہ کو غیر معمولی کامیابی حاصل ہوئی ہے، اور اب وقت ہے کہ ایران کے نمائندوں کے ساتھ حتمی معاہدے کی جانب پیشرفت کو جانچا جائے، اس کیلئے آبنائے ہرمز میں جاری پراجیکٹ فریڈم کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ آیا مجوزہ معاہدے پر دستخط ہو سکتے ہیں یا نہیں، تاہم کارروائی رکنے کے باوجود ایران کی بحری ناکہ بندی مکمل طور پر برقرار رہے گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ 'پراجیکٹ فریڈم' کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بین الاقوامی تجارتی جہازوں اور ان کے عملے کو امریکی سکیورٹی فراہم کرنا ہے، اس منصوبے کے تحت امریکی فورسز نے حال ہی میں ایرانی تیز رفتار کشتیوں کو نشانہ بھی بنایا، صدر ٹرمپ نے دھمکی دے رکھی تھی کہ اگر ایران نے امریکی جہازوں یا امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالی تو اسے سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ امریکی صدر کے تازہ ترین اعلان کے ساتھ ہی عالمی منظرنامے پر مثبت اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں اچانک گرگئی ہیں، جس سے عالمی معیشت میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے، یہ وقفہ اس بات کا تعین کرے گا کہ آیا تہران اور واشنگٹن کسی پائیدار امن معاہدے تک پہنچ پائیں گے یا نہیں، مبصرین اسے مشرقِ وسطیٰ میں امن کی جانب ایک اہم موڑ قرار دے رہے ہیں جس میں پاکستان کا سفارتی کردار کلیدی رہا ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات