سندھ پولیس کے نرالے کام! اپنی ہی ٹیم کی فائرنگ سے ایس ایچ او جاں بحق

حکام اس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ آیا یہ واقعی غلط فہمی کا نتیجہ تھا یا اس کے پیچھے کوئی اور وجوہات تھیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 مئی 2026 12:23

سندھ پولیس کے نرالے کام! اپنی ہی ٹیم کی فائرنگ سے ایس ایچ او جاں بحق
شکار پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2026ء) سندھ کے ضلع شکارپور میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پولیس کی اپنی ہی ٹیم کی مبینہ فائرنگ سے ایس ایچ او جاں بحق ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گلودڑو کے قریب مبینہ طور پر غلط فہمی کی بنیاد پر کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ لکھی غلام شاہ علی حسن اپنی ہی پولیس فورس کی گولیوں کا نشانہ بن کر جاں بحق ہو گئے، اس حوالے سے ایس ایس پی محمد کلیم نے بتایا کہ یہ المناک واقعہ صبح تقریباً 5 بجے پیش آیا، ایس ایچ او علی حسن اپنی نئی ذاتی گاڑی میں سفر کر رہے تھے، گلودڑو پولیس کے اہلکاروں نے اندھیرے میں گاڑی کو مشکوک سمجھتے ہوئے رکنے کا اشارہ کیا اور پھر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں علی حسن موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام میں کھلبلی مچ گئی، فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا، ملزم اہلکار کو کوارٹر گارڈ منتقل کرکے محکمانہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جب کہ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، حکام اس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ آیا یہ واقعی غلط فہمی کا نتیجہ تھا یا اس کے پیچھے کوئی اور وجوہات تھیں۔