سرینگر،ٹھیکیداروںکا واجبات کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاج، مکمل کئے گئے کاموں کی ادائیگیوں کو فوری جاری کرنے کا مطالبہ

بدھ 6 مئی 2026 13:57

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کے گرمائی دارلحکومت سرینگر میں پانی کی فراہمی کے ایک منصوبے سے وابستہ ٹھیکیداروں نے اپنے واجبات کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاج کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ٹھیکیدار وں کی ایک بڑی تعداد نے’’ کنٹریکٹرز کوآرڈینیشن کمیٹی‘‘ کے بینر تلے محکمہ پانی کے دفتر کے باہر جمع ہو کر شدید احتجاج کیا۔

انہوںنے مکمل کئے گئے کاموں کی ادائیگیوں کو فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے کہاکہ واٹر سپلائی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے کئی منصوبے بروقت مکمل کیے جانے کے باوجود حکام مہینوں سے ان کے واجبات ادا کرنے میں ناکام ہیں جس کی وجہ سے وہ شدید مالی پریشانی کا شکار ہیں۔انہوںنے کہا کہ ادائیگیوں میں تاخیر سے نہ صرف انکا کام متاثر ہو رہا ہے بلکہ ان کی ذاتی زندگی بھی مشکلات کا شکار ہو چکی ہے اور وہ قرضوں کی ادائیگی، مزدوروں کی اجرت ادا کرنے اور بچوں کی تعلیم کے اخراجات سمیت بنیادی گھریلو ضروریات کو پورا کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔احتجاجی کنٹریکٹروں نے حکام پر زور دیا کہ وہ ان کی شکایات کا فوری نوٹس لیں اور فنڈز کے اجرا ء کو فوری طور پر یقینی بنائیں۔