لاہورمیں آن لائن ٹیکسی سروسز کیلئے نیا سکیورٹی نظام متعارف

ڈرائیورز کے لیے پولیس کریکٹرسرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا

بدھ 6 مئی 2026 16:12

لاہورمیں آن لائن ٹیکسی سروسز کیلئے نیا سکیورٹی نظام متعارف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں آن لائن ٹیکسی سروسز کے لیے نیا سکیورٹی نظام متعارف کروا دیا گیا ہے جس کا مقصد شہریوں کو محفوظ سفری سہولت فراہم کرنا اور جرائم پیشہ عناصر کی شمولیت کو روکنا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق اب کسی بھی کریمنل ریکارڈ رکھنے والے شخص کو آن لائن ٹیکسی ڈرائیور بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس حوالے سے ڈرائیورز کے لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔لاہور پولیس اور معروف آن لائن ٹیکسی کمپنیز کے درمیان ایک اہم معاہدہ بھی طے پایا ہے، جس کے تحت تمام ڈرائیورز کا مکمل ڈیٹا پولیس کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام سے مشکوک افراد کی فوری شناخت اور کارروائی میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق نئی بھرتیوں سے قبل ہر ڈرائیور کی مکمل پولیس ویریفکیشن لازمی ہوگی، جبکہ پہلے سے کام کرنے والے ڈرائیورز کا ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی خطرے کو بروقت روکا جا سکے۔

یہ اقدام حالیہ سکوٹی گرل واقعہ کے بعد سامنے آیا، جس میں سکیورٹی خدشات بڑھ گئے تھے۔ حکومت نے اس واقعے کے بعد سکیورٹی نظام کو مزید سخت اور مثر بنانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ حکام نے آن لائن ٹیکسی کمپنیز کو نئی سکیورٹی پالیسی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔