سندھ میں قیامت خیز گرمی؛ ہیٹ ویو کا الرٹ جاری، درجہ حرارت 49 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ

شہید بینظیر آباد، گھوٹکی اور خیرپور سندھ کے انتہائی گرم علاقے رہیں گے، دیگر متاثرہ شہروں میں نوشہروفیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر شامل ہیں؛ محکمہ موسمیات کی متعقلہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 مئی 2026 15:23

سندھ میں قیامت خیز گرمی؛ ہیٹ ویو کا الرٹ جاری، درجہ حرارت 49 ڈگری تک ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2026ء) محکمہ موسمیات نے سندھ کے بیشتر اضلاع کے لیے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت صوبے کے کئی شہروں میں درجہ حرارت 49 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے باسیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے کیوں کہ محکمہ موسمیات نے صوبے کے وسطی اور بالائی اضلاع میں کل سے 11 مئی تک ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی ہے، اس دوران سورج سوا نیزے پر ہوگا اور تپش میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی اور خیرپور سندھ کے انتہائی گرم علاقے رہیں گے جہاں پارہ 47 سے 49 ڈگری سیلسیس تک جا سکتا ہے، دیگر متاثرہ شہروں میں نوشہروفیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر شامل ہیں یہاں میں بھی شدید لو چلنے اور تپش بڑھنے کا امکان ہے، مٹھی میں درجہ حرارت 44 سے 46 ڈگری جب کہ حیدرآباد میں 42 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے، گزشتہ روز ملک بھر میں سب سے زیادہ گرمی بلوچستان میں ریکارڈ کی گئی جہاں تربت میں درجہ حرارت 45 ڈگری اور لسبیلہ میں 44 ڈگری رہا۔

(جاری ہے)

شدید گرمی کے پیشِ نظر انتظامیہ اور محکمہ موسمیات نے احتیاطی تدابیر جاری کی ہیں کہ شہری بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہنیں اور پانی و دیگر مائعات جیسے لیموں پانی، او آر ایس وغیرہ کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں، کسان فصلوں کی کٹائی کے دوران سر ڈھانپ کر رکھیں اور کام کے اوقات کو صبح سویرے یا شام میں منتقل کریں، کسان اپنے مال مویشیوں کو براہِ راست دھوپ سے بچانے اور ان کے لیے ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کریں، تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ہیٹ اسٹروک کے کیسز سے نمٹنے کے لیے طبی امداد بروقت فراہم کی جا سکے۔