Live Updates

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا، وزیراعظم

انہوں نے شبانہ روز جنگ بندی کی کوشش کی، فیلڈ مارشل کی ان کاوشوں کو تاریخ سنہری حروف میں یاد رکھے گی، اسحاق ڈار نے بھی ان مذاکرات میں نہایت شاندار کردار ادا کیا؛ شہباز شریف کا تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 مئی 2026 15:34

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  نے ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2026ء)   وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا، انہوں نے شبانہ روز جنگ بندی کی کوشش کی، فیلڈ مارشل کی ان کاوشوں کو تاریخ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔ اسلام اباد میں بین الاقوامی پیغامِ اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ان مذاکرات میں نہایت شاندار کردار ادا کیا، اور اس سے بڑھ کر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خاص طور پر ذکر کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے فریقین کو جنگ بندی اور مذاکرات کی میز پر بٹھانے میں اہم کردار ادا کیا اور انہیں قائل کیا، میں اس بات کا بھی گواہ ہوں کہ انہوں نے شبانہ روز بھرپور کوششیں کیں جو کہ ابھی تک جاری ہیں، اور تاریخ انشاء اللہ ان کاوشوں کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کہتے ہیں کہ اور یہ بھی حقیقت ہے کہ 1979ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی اور ایرانی قیادت آمنے سامنے یہاں پر اسلام آباد میں بیٹھی اور گفتگو کی، میں سمجھتا ہوں کہ یہ وہ ایک ادنیٰ سی خدمت ہے جو پاکستان نے عالم اسلام کے لیے اور دنیا کے امن کے لیے یہ خدمت انجام دی اور اسے نہایت تدبر، حکمت اور جوش اور ولولے اور اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم کے ساتھ پختہ عزم کے ساتھ یہ بات چیت کے دروازے کھولے، مجھے پورا یقین ہے کہ انشاء اللہ یہ بات چیت دیرپا امن میں جلد بدلے گی اور اس خطے میں امن قائم ہوگا اور مزید جانیں ضائع نہیں ہوں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ میں اپنے انتہائی پیارے بھائی، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے امن مذاکرات کے لیے بھرپور کردار ادا کیا، جب کہ پاکستان فلسطین اور کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔ پاکستان فلسطینوں اور کشمیریوں کی آزادی تک ان کا ساتھ دیتا رہے گا، پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ایک ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات